پاک فضائیہ کے سربراہ کو ترکش لیجن آف میرٹ ایوارڈ سے نوازا گیا

 
0
450

اسلام آباد 18جولائی،(ٹی این ایس) : ترک فضائیہ کے ہیڈ کوارٹرز ، استنبول میں ایک پروقار تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کو پاکستان اور ترکی کی فضائی افواج کے درمیان دفاعی تعاون کوفروغ دینے پر لیجن آف میرٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

قبل ازیں، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے ترک فضائیہ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔جہاں انہیں ترک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
بعد ازاں پاک فضائیہ کے سربراہ نے کمانڈرترک فضائیہ، جنرل عابدین اونل،سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ دونوں معزز شخصیات کچھ دیر تک ساتھ رہیں اور پیشہ وارانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ائیر چیف نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن میں پاک فضائیہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ترکی کے ساتھ سیکیورٹی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تربیتی میدان میں تعاون کو مزیدفروغ دینے کاا عادہ کیا۔ کمانڈرترک فضائیہ، جنرل عابدین اونل نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا۔انہوں نے دونوں دوست ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو بڑھانے پر ائیر چیف کا شکریہ ادا کیا۔
اس دورے کے دوران ائیر چیف نے ترکش ڈیفنس انڈسٹری کے سیکریٹری ڈاکٹر اسماعیل ڈیمیر سے بھی ملاقا ت کی۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل ا ما ن ترک فضائیہ کی خصوصی دعوت پر ترکی کے سرکاری دورے پر ہیں۔