سعودی عرب نے پاکستان کو آئی ایم ایف سے بھی زیادہ بڑا مالیاتی پیکج دینے کی پیش کش کردی

 
0
666

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران 10 ارب ڈالرز کا مالیاتی پیکج دینے کا باقاعدہ اعلان کیا جا سکتا ہے

اسلام آباد فروری 11 (ٹی این ایس): سعودی عرب نے پاکستان کو آئی ایم ایف سے بھی زیادہ بڑا مالیاتی پیکج دینے کی پیش کش کردی، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران 10 ارب ڈالرز کا مالیاتی پیکج دینے کا باقاعدہ اعلان کیا جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب پاکستان کے لیے ایک بڑا مالیاتی پیکیج مہیا کرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے جس کے ذریعے مشکلات کی شکار پاکستانی معیشت کو سہارا ملے گا۔اس حوالے سے معاملات سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران طے پائیں گے۔ واضح رہے کہ سعودی سفیر کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو بڑے وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان کے وزیراعظم ہاؤس میں قیام کا امکان ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے قبل ان کی سیکیورٹی ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق محمد بن سلمان کی سیکیورٹی ٹیم نے اسلام آباد کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان کے ڈاکٹرز کی ٹیم اور ان کے دورے کی کوریج کے لیے سعودی میڈیا کا وفد بھی پاکستان پہنچ گیا ہے۔ یہ بھی واضح رہے کہ اسلامی فوجی کے اتحاد کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کی سربراہی میں وفد بھی پاکستان کے 2 روزہ دورے پر ہے جو پاکستان کی سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریگا۔