اسلام آباد فروری 15 (ٹی این ایس): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی اپوزیشن رہنماؤں سے خفیہ ملاقاتوں کا انکشاف ہوا۔ تفصیلات کے مطابق اسد قیصر کی خفیہ ملاقاتوں کے انکشاف پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیا اور اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی اپوزیشن رہنماؤں سے خفیہ ملاقاتوں کا انکشاف وزیراعظم عمران خان کو پیش کی جانے والی رپورٹ میں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے شہباز شریف ، خورشید شاہ اور نوید قمر سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی ان ملاقاتوں کو منظر عام پر نہیں لائے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پر کمیٹیوں کی تشکیل میں اپوزیشن کو فائدہ پہنچانے کا الزام بھی عائد ہے۔ اسد قیصر نے یہ تمام ملاقاتیں مبینہ طور پر پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود صدر چیمبر میں کیں۔ان ملاقاتوں میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور رانا تنویر بھی شامل تھے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے شیخ رشید کو وزیراعظم عمران خان کی خواہش کے باوجود پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر نہ بنانے کا فیصلہ بھی اپوزیشن کو فائدہ پہنچانے کے لیے کیا گیا۔ ان انکشافات پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کر کے صورتحال سے آگاہ کرنا چاہا لیکن وزیراعظم عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی سے ہٹانے اور شیخ رشید کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر بنانے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے دو دھڑوں میں تقسیم ہونے کی خبریں موصول ہوئی تھیں۔