انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کی زیر صدارت سیکیورٹی کے متعلق اہم اجلاس، اجلاس میں بین الاقوامی وعلاقائی صورتحال کے پیش نظر درپیش سیکیورٹی چیلنجز کا احاطہ کیا گیا

 
0
619

اسلام آباد فروری 22 (ٹی این ایس): تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کی زیر صدارت سیکیورٹی کے متعلق اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں بین الاقوامی و علاقائی صورتحال کے پیش نظر درپیش سیکیورٹی چیلنجز کا احاطہ کیا گیا۔ اجلاس میں موجود   ڈی آئی جی سکیورٹی وقار  احمد چوہان اور ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید کو تمام سکیورٹی کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایات کی  گئی۔ آئی جی اسلام آباد نے کراﺅن پرنس محمد بن سلیمان کے دورہ کے دوران ڈی آئی جیز اور ان کی ٹیم کی دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر بہترین سکیورٹی انتظامات کرنے پر شاباش دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا، آئی جی اسلام آباد نے نیب آفس اسلام آباد کی سکیورٹی کو بڑھانے کے احکامات بھی جاری کردئیے۔

راولپنڈی میں حالیہ دہشت گردی کے واقعہ کے بعد تمام سکیورٹی ڈیوٹی کو ہائی الرٹ کے احکامات جاری کردئیے گئے۔ سکیورٹی پر تعینات تمام افسران و جوانوں کو ڈیوٹی کے بارے میں بریف کیا جائے،  وی وی آئی پیز، وی آئی پیز اور معزز ججز صاحبان کی سکیورٹی کا از سر نوجائزہ لیا جائے اور ان کی سکیورٹی کو ترجیحی بنیادوں پر بڑھایا جائے۔  پولیس افسران اپنی ذاتی سکیورٹی کو بھی موثر بنائیں، تھانہ جات اور تمام اہم پولیس عمارات پر سکیورٹی کو سخت کیا جائے،  آئی جی اسلام آباد نے کرائم کنٹرول کرنے کے بارے میں افسران کو ہدایات دیں،  منشیات فروشوں اور لینڈ مافیا کے خلاف نئی جد ت کے ساتھ آپریشن کو شروع کیا جائے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہریوں کے ساتھ مہذب طریقے سے پیش آیا جائے اور دوران چیکنگ ان کے ساتھ عزت و احترام سے بات کی جائے۔

اجلاس دو گھنٹے تک جاری رہا اور آخر میں آئی جی اسلام آباد نے میڈیا کی طرف سے بہترین کوریج کو سراہا۔