پورے بھارت کو نیست و نابود کر دیں گے، وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے بھارتی میڈیا پر انٹرویو دیتے ہوئے مودی سرکار کو کھری کھری سنا دیں

 
0
1456

اسلام آباد فروری 23 (ٹی این ایس): بھارت کی جانب سے پلوامہ حملے کو بنیاد بنا پر پاکستان پر الزام تراشیوں کے جواب میں پاکستانیوں نے بھارت کو زبردست جواب دیا۔ تاہم اب وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھی بھارت ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے مودی سرکار کو کھری کھری سنا دیں اورکہا کہ ہم پورے بھارت کو نیست و نابود کر دیں گے۔ بھارتی ٹی وی چینل کو دئے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے مودی سرکار کی سازش کو بے نقاب بھی کر دیا۔شیخ رشید نے بھارت کو کوئی ایڈونچر کرنے سے باز رہنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ اگر بھارت پاکستان کی طرف آیا تو ہم سارا حساب سود سمیت واپس کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خود کشمیر میں بیٹھ کر لوگوں کو جلا رہا ہے، سب لوگ کہہ رہے ہیں کہ دہشتگردی جہاں بھی ہے اس کی تفتیش ہونی چاہئیے اور عمران خان بھی وہی کہہ رہے ہیں کہ آؤ ہمارے ساتھ بیٹھ کر تفتیش کرو اگر کوئی پاکستان سے لانچ کیا گیا ہے تو ہم اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر پورا کشمیر اور سری نگر جل رہا ہو گا تو اس آگ میں فائر بریگیڈ کا کام بھی آپ نے ہی کرنا ہے ۔ آپ کہتے ہیں کہ کشمیری کو ماریں آپ ، جلائیں بھی آپ، ان کے ساتھ خون کی ہولی آپ کھیلیں اور فائر بریگیڈ کا کام پاکستان کرے، ایسا کیسے ممکن ہو سکتا ہے۔ شیخ رشید نے مودی سرکار کو للکارتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار ووٹوں کی بھوکی سرکار ہے، اپنے دیش میں آگ لگانا چاہتی ہے جس میں سارا دیش جل جائے گا۔ہم صلح ، ہمدردی ، مذاکرات اور کشمیر کی آزادی کی بات کر رہے ہیں اور آپ ہمیں ہی سبق سکھانا چاہتے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں نے ایسا کوئی حکمران نہیں دیکھا جس پر امریکہ کا دباؤ ہو اور وہ اہنی دھرتی کو نیست و نابود کروانے کے لیے بلا وجہ ہمیں کہے کہ آ بیل مجھے مار۔ شیخ رشید نے بھارتی دھمکیوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئےکہا کہ ہم سارا قرضہ اُتار دیں گے آپ ایک مرتبہ آئیں تو صحیح۔دھرتی یاد رکھے گی کہ ایک شیخ رشید نے لاہور ریلوے ہیڈ کوارٹر سے پیغام دیا تھا کہ باز آ جاؤ ورنہ تمہاری داستان بھی نہ ہو گی داستانوں میں۔ ہندوستان کی ساری عوام اس بات پر پچھتائے گی کہ انہوں نے کس کو منتخب کیا جس نے ہندوستان کو ہی صفحہ ہستی سے مٹا دیا ۔ ہم ہر اُس شخص کو ، واہگہ سے لے کر آسام کے بارڈرز تک نیست و نابود کر دیں گے، جو پاکستان کی طرف ناپاک قدم بڑھائے گا اور پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھے گا ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے بھی بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا تھا۔