پاکستان پرپابندی کا مطالبہ کرنیوالے سارو گنگولی کی عقل ٹھکانے آگئی، آئی سی سی پاکستان کو ورلڈ کپ 2019میں کھیلنے سے نہیں روک سکتی:سابق کپتان

 
0
2325

کولکتہ فروری 26 (ٹی این ایس): پاکستان پر پابندی کے سپنے دیکھنے والے سابق بھارتی کپتان سوراو گنگولی کی عقل آخرکار ٹھکانے آگئی جنہوں نے تسلیم کرلیا کہ آئی سی سی پاکستان کو ورلڈ کپ 2019ءمیں کھیلنے سے نہیں روک سکتی۔ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں سابق بھارتی کپتان سوراو گنگولی نے بھی اس بات کا مطالبہ کیا تھا کہ بھارت کو چاہئے کہ وہ پاکستان سے ہر سطح پر تعلقات ترک کردے لیکن جب ان سے پاکستان پر پابندی کے بھارتی مطالبے پر سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ایسا ممکن نہیں کیونکہ یہ کافی بڑی بات ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی اور ورلڈ کپ بالکل مختلف ہیں اور پاکستان کو ایونٹ میں شرکت سے نہیں روکا جا سکتا اور اس حوالے سے انہوں نے یا سچن ٹنڈولکر نے جو بھی کہا وہ ان کی ذاتی رائے تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ ابھی کافی دور ہے اور دیکھنا ہوگا کہ کیا ہوتا ہے لیکن انہیں ایک فیصد بھی چانس نہیں لگتا کہ بھارتی بورڈ یا حکومت آئی سی سی کو اس بات پر آمادہ کرسکے کہ پاکستان کو عالمی کپ یا انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر کردیا جائے۔یاد رہے کہ14فروری کو پلوامہ حملے میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے 44اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد بھارتی میڈیا اور سیاست دان پاکستان کے خلاف ہرزہ سرئی میں حد سے بھی آگے بڑھ گئے ہیں جب کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار پر غور شروع کیا ہے ۔ دوسری جانب ہریانہ کرکٹ ایسو سی ایشن نے موہالی سٹیڈیم سے پاکستانی کرکٹرز کی تصاویر اتار دی ہیں جب کہ کئی بھارتی کرکٹرز کی جانب سے بھی پاکستان سے کرکٹ کھیلنے کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے ۔