جہلم فروری 27 (ٹی این ایس): بھارتی فورسز کی جانب سے پاکستان کے علاقے آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مقام پر شیلنگ کے نتیجے میں 3 پاکستانی زخمی ہوگئے۔ڈپٹی کمشنر وادی جہلم عمران شاہین کے مطابق بھارتی فورسز کی شیلنگ کے نتیجے میں خیلانا سیکٹر کے گاؤں گھی کوٹ میں 25 سالہ سمینہ بی بی اور ان کی 3 سالہ بیٹی کنول کے علاوہ ایک اور نامعلوم خاتون زخمی ہوگئیں۔انہوںنے کہاکہ گھی کوٹ میں بھارتی شیلنگ کی وجہ سے مسجد کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ایک مقامی شخص نے بتایا کہ لوگ بھارتی شیلنگ سے بچنے کے لیے محفوظ پناہ گاہوں کی جانب منتقل ہوئے دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کوٹلی ڈاکٹر عمر اعظم نے بتایا کہ 2 ہزار سے زائد شہریوں کو ایل او سی کے قریب مختلف سیکٹرز پر محفوظ پناہ گاہوں کی جانب منتقل کیا گیا ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فورسز کی شلینگ کی وجہ سے نکیال سیکٹر میں چار افراد جاں بحق 11 زخمی ہوگئے تھے۔