پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اپنے دفاع کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا بھی جانتا ہے ،وزیر اعلیٰ بلو چستان

 
0
456

, حالیہ بارشوں اور برفباری سے اب تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی صوبے بھر میں ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا

کوئٹہ مارچ 02 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور برفباری سے اب تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی صوبے بھر میں ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کیلئے فنڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں پی ڈی ایم اے کے پاس وافر مقدار میں ریلیف کی اشیاء موجود ہیں،پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اپنے دفاع کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا بھی جانتا ہے ، یہ بات انہوں نے ہفتہ کو پی ڈی ایم کے دفتر کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر صوبائی وزیر نور محمد دمڑ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرکون بھی موجود تھے ، وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان میں دو ہفتے قبل سے بارشوںکا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے مکران اور لسبیلہ میں سیلابی صورتحال پید ا ہوئی تھی ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلے میں فنڈز فراہم کردیئے گئے تھے تاکہ مقامی طور پر ضرورت پڑنے پر خریداری کی جاسکے،انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارشوں اور برفباری سے اب تک کسی قسم کی جانی نقصانات کی اطلاع حکومت کو موصول نہیں ہوئی ، تاہم بارشوں اور برف باری سے کچلاک اور لکپاس کے علاقوں میں گھروں کو دیگر املاک کو نقصانات پہنچا ہے ، بہت سارے اضلاع کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہونے سے وہاں پر ہونے والے نقصانات کا اعداد و شمار اب تک اکھٹا کررہے ہیں ، وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ حالیہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بلوچستان حکومت کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کیلئے استعمال ہونے والی مشینری اور متاثرہ افراد کو خوراک کی فراہمی کیلئے فنڈز فراہم کردیئے گئے ہیں ، پی دی ایم اے کے پاس بارشوں سے متاثر ہونے والے افراد کو فراہم کرنے کیلئے بڑی تعداد میں ٹینٹ اور وافر مقدار میں راشن موجود ہے ، جن سے متاثرہ افراد کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی ،انہوںنے کہا کہ بارشوں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوتے ہی تمام متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ پوری طرح سے متحرک ہے،جہاں جہاں راستے بند تھے انہیں کھولا جارہا ہے بدقسمتی سے ماضی میں ایسی صورتحال سے نمٹنے اور سڑکیں کھولنے کے لئے ضروری مشینری نہیں خریدی گئی ، موجودہ صوبائی حکومت نے کچھ روز قبل برفباری سے بند ہونے والی سڑکوں کو کھولنے کے لئے مشینری خریدنے کے لئے بات چیت شروع کی ہے،انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تین سے چار سو تربیت یافتہ افراد کی ٹیم بنانے کا منصوبہ ہے جو متاثرین کی فوری طور پر مدد کا تجربہ رکھتی ہو ، بارشوں سے ہونے والے جانی نقصانات سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بارشوں سے ٹرانسمیشن لائنوں کو نقصان پہنچا ہے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب سے بات ہوئی ہے جنہوں نے بجلی بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اپنے دفاع کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا بھی جانتا ہے ، ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے پاکستان نے اقوام متحدہ کے قوانین پر عملدرآمد کرتے ہوئے بھارتی پائلٹ کو رہا کیا۔