سیالکوٹ جولائی19(ٹی این ایس): وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں منفی سیاست کرنے والوں کاکون حساب لے گا؟مجھ سے استعفیٰ مانگنے والوں کوقوم باربارٹھکراچکی،دھرنا تھری کی تیاری کی جارہی ہے،ہم عوامی خدمت کرتے جائیں گے ڈگڈگی بجانے والے ڈگڈگی بجاتے جائیں گے،44سال کاحساب مانگا جارہاہے،پانامامیں سرخرو ہوں گے۔انہوں نے سیالکوٹ میں ایوان صنعت و تجارت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں دہشتگردوں کی کمرتوڑ دی۔
ملک میں پہلے دور میں کرپشن کی عجب کہانی ہوتی تھی۔لیکن اللہ کاشکر ہے کہ ہم پرکرپشن کاایک دھبہ بھی نہیں ہے۔4سال میں کرپشن کاکوئی داغ نہیں ہے۔نوازشریف نے کہا کہ آج حساب کس چیز کاہورہاہے؟کیا سرکاری پیسے کاحساب ہورہاہے؟ملک میں منفی سیاست کرنے والوں کاکون حساب کرے گا؟ان کاکون گریبان پکڑے گا؟یہ مینابازار لگارہاتوملک کس طرف جائے گا؟انہوں نے کہا کہ مجھ سے استعفیٰ مانگنے والے کون سے ہیں؟مجھ سے استعفیٰ مانگنے والوں کوقوم باربارٹھکراچکی ہے۔
پہلے دھرناٹو کیاگیااب ملک میں تیسے دھرنے کی تیاری ہورہی ہے۔2013ء سے تماشا لگا ہواہے۔قوم جانتی ہے کہ تماشا کیسے لگااور تماشا لگانے والے کون ہیں۔مخالفین وزیراعظم کواتارکراپناراستہ بناناچاہتے ہیں۔ہم سے آج 44سال کاحساب مانگا جارہاہے،حساب دینے کی بجائے حساب مانگا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ پاناماکے معاملے میں سرخرو ہوں گے۔وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ اگرچارسالوں میں مفی سیاست نہ کھیلی جاتی توملک ترقی کی بلندی پرہوتا۔
انہوں نے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ ہم عوامی خدمت کافرض نبھاتے جائیں گے جبکہ ڈگڈگی بجانے والے ڈگڈگی بجاتے جائیں گے۔اگرہماری سٹاک مارکیٹ 19ہزار54تک چلی گئی تھی تویہ ترقی کی نشانی ہے۔ لیکن اگرٹانگیں کھیچی گئیں توپھر ملک کس طرف جائے گا؟2013ء میں ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کے کیا حالات تھے،بلوچستان کے کیاحالات تھے لیکن آج پاکستان مستحکم ہوچکاہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔2018ء میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کردیاجائے گا۔