سانحہ کرائسٹ چرچ مساجد ، پاکستان کی ہندو برادری کا ہولی سادگی سے منانے کا اعلان

 
0
410

کراچی مارچ 18 (ٹی این ایس): سانحہ کرائسٹ چرچ مساجد پر متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہندو برادری نے ہولی تہوار سادگی سے منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہندو پنچایت کے صدر کا کہنا ہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ مساجد پر ہندو برادری سے انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ ہندو برادری متاثرہ خاندانوں سے بھی اظہار یکجہتی کرتی ہے جس کے تحت رواں سال ہولی کی تقریبات سادگی سےمنائی جائیں گی۔سانحہ کرائسٹ چرچ مساجد کے پیش نظر سندھ اسمبلی میں ہرسال ہونے والی ہولی کی تقریب بھی منسوخ کردی گئی ہے۔ ہندو برادری کے اس فیصلے کو خوب سراہا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ مساجد پر پوری قوم سوگ میں ہے اور وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں آج تمام سرکاری عمارتوں پرقومی پرچم بھی سرنِگوں ہیں۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی النورمسجد اور لِین وڈ میں واقع مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران سفید فام انہتا پسندوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 50 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے کے بعد مسلمان کمیونٹی میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہونے لگا جس کو دیکھتے ہوئے سوشل میڈیا پر TheyAreUs# کا ہیش ٹیگ متعارف کروایا گیا۔اس ہیش ٹیگ کو استعمال کرتے ہوئے صارفین مسلم امہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرر ہے ہیں اور امن کا پیغام دے رہے ہیں۔کئی غیر مسلم صارفین نے بھی ٹویٹر پر اپنے جذبات کا اظہار کیا ، مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس حملے کی شدید مذمت کی اور دنیا میں نفرت کی بجائے محبت پھیلانے کا پیغام دیا۔ جبکہ کئی ایسی تصاویر بھی سامنے آئیں جہاں نیوزی لینڈ میں سفید فام افراد مساجد کے باہر پہنچ گئے اور مسجد کے گرد حفاظتی حصار باندھ کر مسلم برادری سے اظہار یکجہتی کیا۔