حکومت پنجاب کا پنجاب بھر میں کلین اینڈ گرین ہفتہ منانے کا اعلان

 
0
337

چکوال مارچ 18 (ٹی این ایس): حکومت پنجاب کی ہدایت پر پنجاب بھر میں 18سے 23مارچ تک کلین اینڈ گرین ہفتہ منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں آج ضلع کونسل ہال میں ایک سیمنار کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں صوبائی وزیر برائے سیاحت و ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر سرفراز ،ایم این اے ذولفقار دلہہ،ایم پی اے آسیہ امجد ،ڈپٹی کمشنر عبدالستار عیسانی ،ڈی پی اوعادل میمن ،چیرمین ضلع کونسل ملک طارق اسلم ،ضلعی افسران ،علماء کرام ،کرسچن کمیونٹی ،این جی اوز ،طلبہ و طالبات اور سول سوسائٹی کے ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔سیمنار میں بتایا گیا کہ پنجاب حکومت اس ہفتے میں ہینڈواش کے تحت سکولوں ،کالجوں اور یونین کونسلوں میں ہینڈ واش ایکٹیویٹی کروائی جائے گی جس میں بچوں کو صحیح طریقے سے ہاتھ دھونے کا طریقہ سیکھایا جائے گا۔شجر کاری کے تحت 25پودوں کے بلاک پر مشتمل 116سایٹس پر 225پودے فی بلاک قبرستانوں میں لگائے جائیں گے ۔صفائی مہم کے تحت نالوں کی صفائی اور گندگی کے ڈھیر اٹھوائے جائیں گے اس مہم میں ہیلتھ ،ایگری کلچر ،ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور این جی اوز حصہ لیں گے ، 20ہزار پودے ضلع میں لگائے جائیں گے جس کی آبیاری محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ذمہ ہوگی ۔سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کرنل (ر)غلام شبیر ،مدثر حسین ،آصف رضا، چیرمین ضلع کونسل ملک طارق اسلم،ایم پی اے آسیہ امجد،ڈی پی اوعادل میمن اور ڈپٹی کمشنر عبدالستار عیسانی نے چکوال میں ہفتہ صفائی منانے کے حوالے سے اور ضلع کو کلین اینڈ گرین بنانے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی بالخصوص طلبہ و طالبات کی شمولیت اور دلچسپی پر زور دیا ۔سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے سردار ذولفقار دلہہ نے لاہور سے پرائیویٹ کمپنی بلا کر ضلع کی صفائی کرنے کا اعلان کیا ۔ صوبائی وزیر برائے سیاحت و ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر سرفراز نے کہا کہ سیاحت کے حوالے سے چکوال ایک پرکشش ضلع ہے یہاں سیاحت کے فروٖغ کے لئے جھیلوں کے اردگرد رنگ بدلنے والے درخت لگائے جائیں گے ۔جس سے نا صرف جھیلوں کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ سیاحوں کی کشش کا باعث بھی ہوگا ۔ضلع کی صفائی کے لئے ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ نیا سٹاف بھی بھرتی کیا جارہا ہے۔سیمنار کے بعد صوبائی وزیر برائے سیاحت و ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر سرفراز ،ایم این اے ذولفقار دلہہ،ایم پی اے آسیہ امجد ،ڈپٹی کمشنر عبدالستار عیسانی ،ڈی پی اوعادل میمن ،چیرمین ضلع کونسل ملک طارق اسلم نے ضلع کونسل کے لان میں پودے لگا ئے اورجھاڑو دے کر صفائی مہم کا آغاز کیا ۔ آخر میں تمام شرکاء نے ضلع کونسل ہال سے ڈی سی آفس تک کلین اینڈ گرین پنجاب آگاہی واک میں حصہ لیا۔