کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اسلام آباد نے سیکٹر ڈی -12 میں سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کرنے کافیصلہ کرلیا ہے جس کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی

 
0
444

اسلام آباد مارچ 24 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے سیکٹر  ڈی -12  میں سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے جس کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔ سڑکوں کی بحالی کے کام کے لیے مطلوبہ فنڈز بھی مختص کر دیئے گئے ہیں۔ موسمی حالات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بحالی کا کام سوموار یا منگل کے روز سے شروع کر دیا جائے گا۔ سیکٹر ڈی – 12 میں الاٹیوں کی بڑی تعداد اپنے پلاٹوں پر مکانات کی تعمیر کر رہی ہے۔ سیکٹر میں تعمیراتی سرگرمیوں اور ماضی میں اس سیکٹر کو نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے سڑکیں شکستہ حال تھیں۔ مزید برآں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے دوران فنانس منسٹر نے بھی اس سیکٹر کا دورہ کیا تھا اور ہدایت کی تھی کہ زیرِ التوا ء ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے جس کے بعد سی ڈی اے نے فیصلہ کیاکہ سیکٹر میں بحالیاتی کام کا فوری طور پر آغاز کیا جائے۔ سڑکوں کی بحالی کے کام کے دوران سیکٹر D-12 کی سڑکوں کی ری کارپیٹنگ کے ساتھ ساتھ لین مارکنگ بھی کی جائے گی جبکہ کرب سٹون اور کیٹ آئیز کی تنصیب بھی کی جائے گی۔ سیکٹر ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیکٹر کے باقیماندہ ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرے۔ علاوہ ازیں متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیکٹر کے رہائشیوں کی سہولت کے لیے عدم دستیاب سہولیات کی فوری فراہمی کو یقینی بنائیں۔

دریں اثناء سی ڈی اے نے شہر کے مختلف علاقوں میں پیدل چلنے والوں کے لیے پیڈیسٹرن کراسنگ کی تعمیر کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔ اس سلسلے میں ایسے مقامات کی نشاندہی کی جا رہی ہے جہاں پر لوگوں کو سڑک عبور کرنے میں دشواری کا سامنا ہے ۔ اس ضمن میں سی ڈی اے نے کشمیر ہائی وے پر بوکڑا ویلج کے قریب پیدل چلنے والوں کے لیے پیڈیسٹرن بریج کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ہیوی میکینکل کمپلیکس ٹیکسلا سے کوٹیشن طلب کی گئیں ہیں جس کے بعد باقاعدہ تعمیر کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔