پلوامہ حملے سے متعلق ڈوزئیر تحقیقات کے بعد بھارت کے حوالے، بھارتی ہائی کمشنر کو دفترِ خارجہ طلب کر کے ڈوزئیر ان کے حوالے کر دیا گیا

 
0
434

اسلام آباد مارچ 27 (ٹی این ایس): پاکستان نے پلوامہ حملے سے متعلق بھارتی ڈوزئیر کا جواب دے دیا۔ دفترِ خارجہ نے بھارتی سفیر کو طلب کر کے ڈوزئیر ان کے حوالے کر دیا ہے۔ ڈوزئیر میں دیے گئے جواب کے حوالے سے معلومات ابھی میڈیا کو فراہم نہیں کی گئیں۔ یاد رہے کہ 14فروری کو پلوامہ کے علاقے میں ایک بھارتی فوجی بس پر خود کش دھماکہ ہوا تھا جس میں 44 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے جس کا الزام بھارت نے پاکستان پر لگایا تھا لیکن پاکستان نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کا اس حملے سے کائی تعلق نہیں ہے۔پاکستان نے اس معاملے میں بھارت کو تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی تھی لیکن شروع میں بھارت نے اس پیشکش کو ماننے سے انکار کر دیا تھا اور پاکستانی سرحد پر جارحیت دکھانے کی کوشش کی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے دو جہاز مار گرائے تھے۔ اس کے بعد پاکستان نے دوبارہ بھارت کو تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی تو بھارت نے 27 فروری کو حملے سے متعلق معلومات اور ثبوت ایک ڈوزئیر کے ذریعے پاکستان کے حوالے کر دیے تھے۔پاکستان نے بھارت کو یقین دلایا تھا کہ پاکستان اس معاملے کی تحقیقات میں بھارت کو ساتھ مکمل تعاون کرے گا اور اگر پاکستان میں سے کوئی اس معاملے میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ اب پاکستان نے تحقیقات کے بعد بھارتی ڈوزئیر کا جواب دے دیا ہے۔ پاکستان دفترِ خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کر کے ڈوزئیر ان کے حوالے کیا جس میں بھارتی ڈوزئیر کا جواب دیا گیا ہے۔