وزیراعظم نے نیوگوادر ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

 
0
457

اسلام آباد مارچ 29 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے نیوگوادر ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا، انہوں نے کہا کہ گوادر کی ترقی سے پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا، اگلے ماہ چین کا دورہ کررہا ہوں،ریلوے ٹیکنالوجی کیلئے چین سے مدد حاصل کریں گے،گوادرکونیشنل گریڈ سے منسلک کیا جائیگا، کوئٹہ سے گوادر تک ریلوے ٹریک اور ژوب تک موٹروے بنائی جائے گی۔انہوں نے آج گوادر میں نیوایئرپورٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔اب تک مغربی راہداری صرف کتابوں میں تھی لیکن اب اس کوحقیقت مل گئی ہے۔ مستقبل میں گوادر کی ترقی سے پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔ ترقی وہ ہوتی ہے جس سے مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچے، مقامی لوگوں کو ترقی کا فائدہ پہنچانے کیلئے تربیت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے سوئی گیس نکلی لیکن دوسروں کو فائدہ پہنچا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگلے ماہ چین کا دورہ کررہا ہوں۔ریلوے ٹیکنالوجی میں بہتری کیلئے چین سے مدد حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ چین کی ٹرین میں سفر کریں تو4 گھنٹے سے لاہور سے کراچی پہنچ جائیں گے۔ دنیا میں ٹرین نے ترقی کی لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں ٹرین کم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں ریلوے ٹریک بچھائیں گے۔ کوئٹہ سے گوادر تک ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا۔ کوئٹہ سے ژوب تک موٹروے بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گوادر کے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ فراہم کریں گے،گوادر لے لوگوں کوانصاف کارڈ سے 7لاکھ 20 ہزار فی خاندان کو ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ گوادر کو نیشنل گریڈ اسٹیشن سے منسلک کردیں گے۔ گندگی صاف کرنے کا پلانٹ لگائیں گے۔ گوادر کے ماہی گیروں کیلئے فنڈز رکھیں گے، ماہی گیروں کیلئے برجز بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں پورے دس لاکھ درخت لگائیں گے۔سالڈ ویسٹ کی ٹریٹمنٹ اور پانی کوری سائیکل کریں گے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان ہفتہ کو گھوٹکی کی تحصیل خان گڑھ پہنچیں گے، جہاں وہ پارٹی رہنمائوں سے ملاقات کریں گے اور سندھ کی سیاسی صورتحال پر مشاورت بھی کریں گے، عمران خان کو جی ڈی اے رہنماء سردارعلی گوہر مہر نے آنے کی دعوت دی تھی۔وزیر اعظم گھوٹکی میں جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔