صوفیائے کرام کا نظریہ کمزور سے محبت اور جابر کے سامنے کھڑا ہونے کی دلالت کرتا ہے‘صمصام بخاری

 
0
350

لاہور مارچ 29 (ٹی این ایس): صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ برصغیر میں صوفیاء اور اولیائے کرام نے اپنے کردار اور عمل سے محبت اور امن کا پیغام عام کیا۔ ان بزرگوں کا پیغام مذہب اور اور رنگ و نسل سے بالاتر تھا۔ یہی وجہ ہے کہ صوفی شاعر شاہ حسین اور دوسرے بزرگوں کا پھیلایا ہوا نور آج بھی اس خطے کے گوشے گوشے کو منور کر رہا ہے اور ہر سو اسلام کی روشنی پھیلی ہوئی ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت صمصام علی بخاری نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج اینڈ کلچر (پلاک) میں منعقدہ ایک تقریب میں میلہ چراغاں کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پلاک صغریٰ صدف، گلوکار شوکت علی اور فنکاروں اور اداکاروں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ شاہ حسین کا شمار ہمارے علاقے کے ایسے نمایاں صوفی شاعروں میں ہوتے ہے جن کے کلام اور طرززندگی نے رب سے محبت اور مخلوق خدا کی خدمت کا لازوال پیغام دیا۔یہ پیغام ہی اسلام کی اصل روح ہے اور آج اس محبت کے پیغام کی تجدید کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی خطے میں اسلام تلوارسے یا زبردستی نہیں پھیلا بلکہ ہمارے بزرگوں نے اپنے اعلیٰ کردار سے ایسے چراغ روشن کئے جن سے ہر سو محبت اور امن کی روشنی پھیل گئی۔ انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام کا نظریہ کمزور سے محبت اور جابر کے سامنے کھڑا ہونے کی دلالت کرتا ہے۔مسلمان وہی ہے جو حسینیت کا طرفدار اور یزیدیت کے مقابل ہو۔ انہوں نے کہا کہ میلہ چراغاں کسی زمانے میں اس علاقے کا بہت بڑا ثقافتی مظہر ہوتا تھا۔ ہماری حکومت محبت اور امن کی داعی ہے اس لئے ہم ایسے تہواروں کو پہلے جیسے جوش و خروش اور ان کی حقیقی روح کے مطابق منانے کی نئے سرے سے ریت ڈالیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان آج کے دور کا مردقلندر ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں صمصام علی بخاری نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی تنخواہوں کے بل کو وزیراعظم عمران خان نے بحیثیت پارٹی قائد پسند نہیں کیا تھا اس لئی اس بل میں آئین اور قانون کے مطابق تبدیلی کی جا رہی ہے۔