مختلف اداروں کے باہمی اشتراک سے وزیر اعظم پاکستان کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت شہر بھر میں وسیع پیمانے پر شجر کاری کی جا رہی ہے، چئیرمین سی ڈی اے عامر علی احمد

 
0
686

اسلام آباد مارچ 29 (ٹی این ایس): وفاقی دارالحکومت میں گرین کریکٹر کے تحفظ اور اسکے اضافے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے روز اینڈ جیسمین گارڈ ن میں 37 ویں موسمِ بہار کے پھولوں اور برڈ شو کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔اس موقع پر اسلام آباد ہارٹیکلچر سوسائٹی کے نمائندے، ایم سی آئی کے انوائرنمنٹ ونگ کے افسران کے علاوہ ماحول سے پیار کرنے والے شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ پھولوں کی اس نمائش میں سی ڈی اے / ایم سی آئی ، سپارکو، پی ایچ اے، ایف بی آر، کے آرایل ،فلوریکلچر راولپنڈی،سرینا ہوٹلز ،پی ایف ہسپتال اور این آئی ایچ لیبارٹریز حصہ لے رہی ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس طرح کی نمائش کو محض پھولوں کی آرائش تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس طرح کے ایونٹ سے شہریوں کو ماحول اور گرین کریکٹر کی اہمیت کی آگاہی کا ذریعہ بھی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے جدید طریقے اپنائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں کچن گارڈننگ کو فروغ دیا جا رہا ہے کیونکہ پورے پاکستان بالخصوص اسلام آباد جیسے شہر کیلیے یہ نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچن گارڈننگ کے ذریعے فالتو جگہ جن میں گھروں کی چھتیں اور لان وغیرہ شامل ہیں کو زیر استعمال لایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کچن گارڈننگ جہاں روزمرہ کی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے وہاں ماحولیاتی خوبصورتی کا موجب بھی ہوتا ہے ۔چیئرمین سی ڈی اے نے مختلف سٹالوں کا معائنہ بھی کیا اور سٹال ہولڈرز کے جمالیاتی ذوق کی تعریف بھی کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ایم سی آئی کے افسران کی طرف سے نمائش کے شاندار انتظامات کو بھی سراہا۔