سی ڈی اے کا سیکٹر E-12 میں دوسرے روز بھی بھر پور آپریشن سینکڑوں غیر قانونی تعمیرات مسمار

 
0
2046

اسلام آباد مارچ 29 (ٹی این ایس): سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کا سیکٹر E-12 میں سرکاری اراضی واگذار کرانے کے لیے بھر پور آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا ۔جمعہ کے روز کی گئی بھر پور کاروائی میں سی ڈی اے کی ایکوائر شدہ اراضی پر تعمیر کردہ سینکڑوں غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔ سیکٹر E-12 کی اراضی کو واگذار کرانے کے لیے آپریشن کی رفتار تیز کر دی گئی ہے تاکہ جلد از جلد باقاعدہ ترقیاتی کاموں کا اجراء کیا جا سکے۔
اس آپریشن میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے 250 افسران اور ملازمین ،اسلام آباد انتظامیہ کے افسران، پولیس کی بھاری نفری ، سی ڈی اے کے لینڈ و بحالیات ڈائریکٹوریٹ، سیکٹر ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے علاوہ دیگر شعبوں نے حصہ لیا جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے رینجرز بھی موقع پر موجود تھی۔ آپریشن میں غیر قانونی تعمیرات کو گرانے کے لیے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کی بھاری مشینری بھی استعمال میں لائی گئی۔
جمعہ کے روز کیے گئے آپریشن میں تقریباً630 سے زائد تعمیرات جن میں کمرے ،چار دیواریاں اور دیگر تعمیرات شامل ہیں کو مسمار کیا گیا۔ آپریشن کے دوران کچھ عناصر نے کاروائی میں مداخلت کی کوشش کی تاہم اسلام آباد انتظامیہ نے صورتحال کو قابو کیا اور مداخلت کرنے والے افراد کو کارِسرکار میں مداخلت پر گرفتار کر لیا گیا۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے نے سیکٹر E-12 سے سرکاری اراضی واگذار کرانے کے لیے ایک ماہ قبل آپریشن شروع کیا تھا جس میں آہستہ آہستہ تیزی لائی گئی ۔ اس سے قبل سی ڈی اے نے خالی زمین کو اپنے قبضہ میں لینے کے بعداب آپریشن کی رفتار میں تیزی لاتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات جن میں مکان شامل ہیں کو گرانے اور قبضہ لینے کا عمل شروع کر دیا ہے ۔
جمعرات کے روز شروع کیے جانے والے آپریشن جو آئندہ دو سے تین دن مزید جاری رہے گا کے دوران سیکٹر E-12 کی خاطر خواہ اراضی کا قبضہ حاصل کر لیا جائے گا۔ حصول شدہ اراضی کو سیکٹر ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے حوالے کیا جائے گا جو پہلے سے ہی سیکٹر E-12 میں ترقیاتی کام کر رہا ہے۔