حکومت سعودی عرب سے ادھار تیل لیکر کئی گنا قیمت پر عوام کو دے رہی ہے، سینیٹر سراج الحق

 
0
17410

لاہور مارچ 30 (ٹی این ایس): امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت تبدیلی کے نام پر مہنگائی کی تباہی لے آئی ہے،حکومت سعودی عرب سے ادھار تیل لیکر کئی گنا قیمت پر عوام کو دے رہی ہے،ڈالر کی قیمت قابومیں نہیں آرہی جس سے روپے کی بے قدری بڑھ رہی ہے اور روپیہ کاغذ کا ایک بے وقعت ٹکڑابن کر رہ گیا ہے ،شرح سود 11فیصد تک جاپہنچی ہے،حکومت اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کو جھٹلا نہیں سکتی،آٹھ ماہ کی حکمرانی میں حکومت نے ملک کو آگے لے جانے کی بجائے آٹھ سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مکہ المکرمہ میں پاکستانی کمیونٹی کے وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ذسینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی حالیہ رپورٹ نے حکومت کے تمام دعوئوں کی قلعی کھول دی ہے۔حکومت بیرونی قرضوں کے ساتھ ساتھ ملکی بینکوں سے بھی قرضے لے کر انہیں کنگال کررہی ہے۔آٹھ ماہ میں تین ہزار تین سو ارب روپے کے قرضے لئے گئے ہیں اور مہنگائی پانچ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سابقہ حکومتو ں کی لوٹ مار اور عیاشیوں کا رونارو کراپنی نااہلی نہیں چھپا سکتی۔انہوں نے کہا کہ عوام کی پریشانیوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔حکومت کے پاس معیشت کی بہتری کا کوئی پروگرام نہیں۔قرضوں سے معیشت سدھر نہیں سکتی۔انہوں نے کہا کہ معاشی زبوں حالی نے عوام کی نیند حرام کردی ہے۔معیشت کا ٹائی ٹینک ڈوب رہا ہے اور حکمران ہر رو ز نئے نئے دعوے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے آنے والے مہنگائی کے طوفان سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوجائیگا۔انہوںنے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مسلسل گر رہی ہیں اور ہمارے حکمران تیل بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھا کر عوام کا خون نچوڑ رہی ہے۔