نواز شریف کی حالت مزید بگڑ گئی، سابق وزیراعظم کے دل کی دھڑکن غیرمستحکم، ڈاکٹرزنے پیس میکر لگوانے کا مشورہ دے دیا

 
0
431

لاہور مارچ 30 (ٹی این ایس): سابق وزیر اعظم کے دل کی دھڑکن غیر متوازن ہونے کی وجہ سے ڈاکٹرز نے انہیں پیس میکر لگوانے کا مشورہ دے دیا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق نواز شریف کے دل کی بائیں شریان صحیح کام نہیں کر رہی اس لیے دل کی دھڑکن بار بار غیر متوازن ہو جاتی ہے۔ ہفتے کے روز نواز شریف کے ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ڈاکٹرز نے کئی بیماریوں کی تشخیص کی ہے، رپورٹس کے مطابق نواز شریف کے گردے اور دل کے مسائل زیادہ تشویشناک ہیں جن کے فوری علاج کی ضرورت ہے۔شریف میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹرز نے سابق وزیراعظم کا معائنہ کیا ہے اور اتوار کے روز ان کے مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے جس کے بعد ان کا علاج شروع کیے جانے کا امکان ہے، فی الحال ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ نواز شریف کے سینے میں درد کی شکایت زیادہ تشویناک ثابت ہو رہی ہے اور ان کے دل کی دھڑکن ٹھیک نہیں ہے اس کی وجہ ان کے دل کی ایک شریان کا صحیح کام نہ کرنا بتایا گیا ہے اور انہیں پیس میکر لگوانے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔پیس میکر ایسا آلہ ہوتا ہے جو دل کی متوازن دھڑکن میں آسانی پیدا کرتا ہے اور اسے سینے کے اندر لگایا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ نواز شریف کوٹ لکھپت جیل میں العزیزیہ ریفرنس کیس میں سزا کاٹ رہے تھے جس میں انہیں بیماری کی وجہ سے 6 ہفتے کی ضمانت پر رہا کیا گیا ہے اور انہیں اجازت دی گئی ہے کہ وہ جہاں سے چاہیں علاج کروا سکتے ہیں تاہم وہ ملک سے باہر نہیں جا سکتے۔ قید کے دوران انہوں نے معائنہ کروانے سے انکار کر دیا تھا اور اب ان کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔