پارک انکلیو فیزI- میں بھر پور ترقیاتی کاموں کے آغاز کے بعد سی ڈی اے انتظامیہ نے پارک انکلیو کے فیزII- میں بھی ترقیاتی کاموں کے لیے منصوبہ بندی کر لی ہے

 
0
303

اسلام آباد جولائی 26 (ٹی این ایس): پارک انکلیو فیزI- میں بھر پور ترقیاتی کاموں کے آغاز کے بعد سی ڈی اے انتظامیہ نے پارک انکلیو کے فیزII- میں بھی ترقیاتی کاموں کے لیے منصوبہ بندی کر لی ہے۔ اس ضمن میں سی ڈی اے انتظامیہ نے متعلقہ شعبوں کو فیز II- میں ترقیاتی کاموں کے لیے تمام قواعد وضوابط مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
سی ڈی اے انتظامیہ نے متعلقہ شعبوں کو پارک انکلیو فیزII- میں ترقیاتی کاموں کے آغاز کے لیے تمام متعلقہ شعبوں کو تین ماہ کے اندر پلان اور ڈیزائن کے علاوہ دیگر ضروری کاروائی مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی ڈی اے کے متعلقہ شعبے ضلعی انتظامیہ کی معاونت کے ساتھ اس پراجیکٹ کے انتظامی اور تکنیکی مسائل کو حل کریں۔مزید برآں پارک انکلیو فیزII- میں پہلے مرحلے میں رہائشی پلاٹوں کی ڈیویلپمنٹ کو ترجیح دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ الاٹی اپنے پلاٹوں پر گھر بنا سکیں۔ بعد ازاں اس پراجیکٹ کے کمرشل ایریاء کو ڈویلپ کیا جائے گاتاکہ فیزII- کے رہائشیوں کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
دریں اثناء سی ڈی اے بورڈ نے پارک انکلیو فیزII- کے الاٹیوں کو پلاٹ کی قیمت کی ادائیگی کے شیڈول پر بھی نظر ثانی کرتے ہوئے ایک سال تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پلاٹوں کی ٹرانسفر مروجہ قوانین کے تحت پلاٹ کی تمام قسطوں کی ادائیگی کے بعد ہی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے نے پارک انکلیو فیزII- کے بلاکA کے تین سو رہائشی پلاٹوں کی سال 2016؁ء میں مینوئل قرعہ اندازی کی تھی۔ یہ پلاٹ 41,000/- روپے فی مربع گز کے حساب سے دیئے گئے تھے تاہم ماضی میں اس منصوبے پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی اور نہ ہی اس منصوبے کو ترجیحات میں شامل کیاگیا جس کے باعث اس پراجیکٹ پر ترقیاتی کام نہیں ہوئے جبکہ فیزII- کے الاٹی اپنے پلاٹوں کا قبضہ لینے کی متعدد بار درخواستیں کر چکے ہیں۔
سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے اسلام آباد کے تمام اہم منصوبوں جو کہ پچھلے کئی سالوں سے تعطل کے شکار تھے کو اپنی ترجیحات میں شامل کر کے نہ صرف ان منصوبوں کی ڈویلپمنٹ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا بلکہ متعدد منصوبوں پر ترقیاتی سر گرمیوں کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا ہے جبکہ کئی منصوبے منصوبہ بندی کے مراحل میں ہیں اور کچھ منصوبوں کی ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے ضروری قواعد و ضوابط تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جس کے باعث اسلام آباد میں ترقیاتی سر گرمیوں میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور یہ منصوبے تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔