ن لیگ نے اپوزیشن سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا، اعتزاز احسن

 
0
3310

لاہور اپریل 01 (ٹی این ایس): پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ن لیگ نے اپوزیشن سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے، ن لیگ 18ویں ترمیم کے خاتمے کیلئے حکومت کا ساتھ دے سکتی ہے،مریم نوازکا ٹویٹرصرف صحت بلیٹن بن چکا۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ن نے حکومت سے رعایتیں حاصل کرلی ہیں۔ جس سے ظاہر ہے کہ نوازشریف نے جیل سے باہرآکرمکمل چپ سادھ لی ہے۔جبکہ مریم نواز کا ٹویٹر بھی اب صرف صحت کا بلیٹن ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن 18ویں ترمیم کے خاتمے میں حکومت کا ساتھ دے سکتی ہے۔ لگتا یوں ہے کہ مسلم لیگ ن نے اپوزیشن سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا۔ واضح رہے پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت اور ن لیگ کی اعلیٰ قیادت نے عوامی مسائل کے ایشوز اور انتخابات میں دھاندلی کے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔دونوں جماعتوں میں میثاق جمہوریت پر نظرثانی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ تاہم دونوں جماعتوں کی سیاست اپنی اپنی ہوگی۔ تاہم ن لیگ میں بھی اعتزاز احسن کی طرح نظریاتی کارکنان تاحال پیپلزپارٹی پر تنقید کررہے ہیں۔ لیکن حقیقت میں دونوں جماعتیں حکومت کیخلاف بعض نکات پر اکٹھی ہیں۔ ن لیگی قیادت نے جیلیں کاٹیں، پیشیاں بھگتیں، مریم نواز نے اپنے والد کے ہمراہ جیل کاٹی، لیکن پیپلزپارٹی اس وقت حکومت کے ساتھ کھڑی تھی اور ن لیگ کی قیادت کو کرپشن کیسز پر شدید تنقید کا نشانہ بناتی تھی۔تاہم اب پیپلزپارٹی کی کرپشن کے حوالے سے کاروائیوں پر ن لیگی قیادت بھی چپ سادھے ہوئے بیٹھی ہے۔ جس سے ظاہر ہے کہ دونوں جماعتیں کیسز اپنے اپنے لڑیں گی لیکن حکومت کے خلاف بعض نکات پر اکٹھی تحریک بھی چلا سکتی ہیں۔ امکان ہے تمام اپوزیشن جماعتوں بجٹ کے بعد حکومت کیخلاف تحریک شروع کرسکتی ہیں۔