بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری اور صارفین کی سہولت کیلئے لیسکو ہمہ وقت کوشاں ہے ‘لیسکو چیف

 
0
773

لاہورجولائی19(ٹی این ایس)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)اپنے صارفین کی سہولت اوربجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور اس ضمن میں لیسکو کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق لیسکو کے 132Kvایمکو گرڈ سے نئے دین کالونی فیڈر کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ ترجمان کے مطابق نئے دین کالونی فیڈر کے آغاز سے قبل کوٹ پنڈی داس فیڈر، کوٹ عبدالمالک فیڈر 1,2-اور شیخوپورہ روڈ فیڈر پر بہت ذیادہ لوڈ ریکارڈ کیا جا رہا تھا ۔جس کے باعث ڈیرہ فوجی ، منڈیالہ ، وسان پورہ ، دین کالونی ، بیٹیاں والا ، جاوید نگر، مغل سٹیل اور سٹی سٹیل کے روڈ سے ملحقہ علاقوں کو لو وولٹیج ا ور اوور لوڈنگ کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔ نئے دین کالونی فیڈر کے باعث ان علاقوں کو ریلیف حاصل ہو گا ۔لیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو سید واجد علی کاظمی کی سربراہی میں لیسکو کے ترسیلی نظام کے استعدادِکار میں اضافہ کے لیئے مختلف اقدامات کیئے جا رہے ہیں اور اسی سلسلے میں فاروق آباد گرڈ پر 40MVAکا پاور ٹرانسفارمر نصب کر دیا گیا ہے ۔اس سے قبل20/26MVA کا ٹرانسفارمر کام کر رہا تھا جس کا لوڈ ذیادہ ہونے کے باعث اس گرڈ سے ملحقہ علاقوں کے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔ نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب سے جاتری کوہنہ ، جاتری ملیاں والی ، سچا سودا ، ملا سنگھ ،جھبراں ، کالو کے ، بٹر مکی ، بہار ولیج ، جھیندا اولڈ ، نیو سرکاری ، شیرو کے ، پھلواں اورملحقہ علاقوں کو ریلیف حاصل ہو رہا ہے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو سید واجد علی کاظمی کے مطابق نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب سے سسٹم کو درپیش رکاوٹوں کے خاتمے میں مدد حاصل ہو گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ لیسکو اپنے صارفین کی سہولت کیلئے بہتر سے بہتر اقدامات کرتی رہے گی