وزیراعظم کا حمزہ شہباز کی جلد گرفتاری کا اعلان، کسی کو بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، شریف خاندان اب دوبارہ اقتدار میں واپس نہیں آ سکتا: اراکین اسمبلی سے گفتگو

 
0
307

لاہور اپریل 10 (ٹی این ایس): وزیراعظم کا حمزہ شہباز کی جلد گرفتاری کا اعلان، اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، شریف خاندان اب دوبارہ اقتدار میں واپس نہیں آ سکتا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی گرفتاری سے متعلق اہم اعلان کیا گیا ہے۔ بدھ کے روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف پنجاب کی صوبائی پارلیمانی پارٹی اور صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔

اس ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ شریف خاندان سے کسی کو بھی ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حمزہ شہباز جلد گرفتار ہونے والا ہے، جبکہ نواز شریف اور شہباز شریف اب دوبارہ کبھی اقتدار میں نہیں آئیں گے۔ اس حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ حکومت نے شریف خاندان کیخلاف کرپشن کے نئے مقدمات دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور پنجاب میں صوبائی وزیر میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے شریف فیملی کے خلاف نئے کیسز کی تیاری مکمل کرلی ہے۔

وفاقی اور صوبائی حکومت کے اداروں نے نئے کیسز کے لیے مواد اکٹھا کر لیا ہے۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ شریف فیملی کے خلاف پہلے پرانے کیسز تھے مگر اب نئے مقدمات دائر ہونگے۔ وزیراعظم عمران خان نے وزراء کو شریف فیملی کے خلاف کرپشن کی معلومات سے آگاہ کیا اور مزید کرپشن بے نقاب کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔