وزارت مواصلات کی کامیابی،چوری شدہ353 ملین قومی خزانے میں جمع

 
0
356

قلات، کوئٹہ، چمن روڈ کی تعمیرمیں کرپشن کی خوردبرد کے مصدقہ شواہد ملے تھے، گوادر، رتو ڈیرو روڈ کی تعمیرمیں ڈاکہ ڈالنے والوں پربھی ہاتھ ڈال چکے ہیں۔ وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید
اسلام آباد اپریل 11 (ٹی این ایس): وزارت مواصلات نے چوری شدہ353 ملین روپے قومی خزانے میں جمع کروا دیے، وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے کہا کہ قلات، کوئٹہ، چمن روڈ کی تعمیرمیں کرپشن پکڑی تھی، منصوبوں میں کرپشن کی خوردبرد کے مصدقہ شواہد ملے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت مواصلات کو کرپشن کی لوٹی دولت واپس کرانے میں بڑی کامیابی مل گئی ہے۔ وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ اسپیشل آڈٹ کے نتیجے میں پکڑے جانے والے353 ملین روپے قومی خزانے میں واپس کیے ہیں۔
چوروں سے 353 ملین روپے نکلوا کرقومی خزانے میں واپس جمع کروا دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قلات، کوئٹہ، چمن روڈ کی تعمیرمیں کرپشن کرنے والوں کوپکڑا جا چکا ہے۔ گوادر، رتو ڈیرو روڈ کی تعمیر کے دوران ڈاکہ ڈالنے والوں پربھی ہاتھ ڈال چکے ہیں۔ مراد سعید نے کہا کہ دونوں منصوبوں میں تین سو تریپن ملین روپے کی خوردبرد کے مصدقہ شواہد ملے تھے۔
مزید برآں وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کی ای ایم ایس پلس سروس سے محض 72 گھنٹوں کے کم وقت میں امریکہ، کینیڈا آسٹریلیا سعودیہ امارات انگلینڈ جاپان سمیت پچاس ممالک میں سامان کی محفوظ ترسیل کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سامان کی ترسیل کے اخراجات بھی دیگر نجی کمپنیوں سے کہیں کم وصول کئے جائیں گے۔
مراد سعید نے کہا کہ اس سستی اور تیزترین سروس سے عوام نہ صرف اندرون و بیرون ملک اشیاء بھجوائیں گے بلکہ اس سے ہماری برآمدات، ای کامرس اور آن لائن بزنس کی بھی افزائش ہو گی۔انہوں نے کہا کہ نادرا کے ساتھ مل کر پاکستان پوسٹ فرنچائز کی یہ سروسز پیر سے فعال ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ چند ماہ کی قلیل مدت میں فرنچائزز کی تعداد پندرہ ہزار سے تجاوز کرنے کے امکانات نہایت روشن ہیں۔
مراد سعید نے کہا کہ ملک بھر کے 170 شہروں میں نارا کی 611 فرنچائزز کی نشاندہی کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 23، لاہور میں 34، کراچی میں 16 اور راولپنڈی میں 13 فرنچائزز منتخب کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، کوئٹہ اور سوات کیلئے بالترتیب 22، 12، 23، 7 اور 15 فرنچائزز کا انتخاب کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ گزشتہ چند ماہ کے دوران ای ایم او، پارسلز کی لائیو ٹریکنگ، موبائل ایپلی کیشن، ارجنٹ میل سروس اور اسی روز ترسیل جیسی خدمات کا آغاز کرچکا ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ مسلسل نقصانات اٹھانے والا اہم قومی ادارہ نہایت تیزی سے منافع بخش بنتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ، سب کا دوست” کے سلوگن کے تحت اسے صحیح معنوں میں قومی اثاثہ بنائیں گے۔