ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم سے سندھ میں مداخلت کا مطالبہ کردیا

 
0
325

کراچی اپریل 13 (ٹی این ایس): متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے وزیر اعظم عمران خان سے سندھ میں مداخلت کا مطالبہ کردیا، ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ صوبائی خود مختاری کے نام پر عوام کے وسائل چھین لیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم رہنماں نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سندھ میں چیف سیکریٹری بھی اندرون سندھ کے ہیں، جنہوں نے ملک دو لخت کیا اب وہ سندھ کو بھی تقسیم کر چکے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ نیشنلائزیشن کے نام پر مہاجروں سے املاک چھینی گئیں، کوٹہ سسٹم نافذ کر کے سندھ کو پہلے ہی دو حصوں میں تقسیم کردیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے رویوں نے سندھ کو تقسیم کیا، سندھ 2 ہیں صرف اعلان ہونا باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم میں ایم کیو ایم اور عوام سے دھوکہ کیا گیا، صوبوں کے وسائل کو فوری طور پر نچلی سطح پر منتقل کیا جائے۔
کراچی بہت تیزی سے پانی اور دیگر مشکلات کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔ دیہی اور شہری کی تفریق اب لسانی تفریق میں تبدیل ہوچکی ہے۔ایم کیو رہنما کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں اور مہاجروں کو دیوار سے لگایا نہیں گیا چن دیا گیا ہے۔ شہری علاقوں کو جائز حق دینے کے لیے آئینی اقدامات کیے جائیں، دیہی علاقوں میں نوکری دے کر شہری علاقوں میں بھیجا جاتا ہے۔ کراچی میں کمشنر، ڈی سی اور دیگر کا تعلق اندرون سندھ سے ہے۔ کوٹہ سسٹم پر سندھ کے شہری علاقوں میں نفرت پیدا ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کی آبادی 4 کروڑ سے زیادہ ہے۔ وفاق کی ذمہ داری ہے نا انصافی کے خلاف اقدامات کرے، آرٹیکل 149 آئین کا حصہ ہے اور استعمال کرنے کے لیے ہے۔