عازمین حج کی امیگریشن سعودیہ کے بجائے کراچی میں ہوگی، پی آئی اے کی نئی انتظامیہ نے سی بی اے کی معطل مراعات جذوی طورپر بحال کر دیں

 
0
297

کراچی اپریل 17 (ٹی این ایس): سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حج آپریشن 2019 روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ پر عمل درآمد کرنے کا پلان مرتب کر لیاہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے رواں سال حج آپریشن کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے لیے جناح ٹرمینل سے عازمین حج کی روانگی کا پلان مرتب کر لیا،عازمین حج کی روانگی اور ان کو دی جانے والی سہولیات کی فزیبلیٹی رپورٹ بھی تیار کر لی گئی ،عازمین حج کی جناح ٹرمینل سے روانگی کیلیے 150 افسروں اور ملازمین کا ڈیٹا مرتب کیا گیا ہے۔
سی اے اے نے عازمین حج کے لیے ٹرالی اور دیگر اخراجات کی مد میں 50 لاکھ روپے کا جبکہ تزئین و آرائش کیلیے محکمہ باغات اور سنیٹری کی مد میں 50 لاکھ کا تخمینہ تیارکیا ہے،کراچی ایئر پورٹ کے چیف آپریٹنگ افسر کی جانب سے حج پلان تیار کر کے حکام کو روانہ کر دیا گیا۔ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق پہلے مرحلے میں اسلام آباد ایئر پورٹ کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا گیا ہے،جبکہ دوسرے مرحلے میں جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق امسال عازمین حج کی امیگریشن سعودیہ کے بجائے کراچی میں ہی ہو گی ،علاوہ ازیں پی آئی اے کی نئی انتظامیہ نے سی بی اے کی معطل مراعات جذوی طورپر بحال کر دیں۔قومی ائر لائن کی نئی انتظامیہ کی ہدایات پر جنرل منیجر انڈسٹریل ریلیشن نے حکم نامہ جاری کر دیا جس کے تحت نو منتخب سی بی اے پیپلز یونٹی کے 30 عہدیداروں کو ڈیوٹی سے استشنا حاصل ہو گیا،سی بی اے کے ذمہ داران کسی بھی دفتر میں اپنی حاضری ٹی ایم ایس سسٹم پر لگا سکیں گے،ڈیوٹی سے استشناگروپ ایک تا چار کے ان ملازمین کو حاصل رہے گی جو ٹریڈ یونین کے نمائندے ہیں۔