نیا بلدیاتی نظام صوبے کے عوام کی امنگو ں اور خواہشات کے عین مطابق ہوگا،صوبائی وزیر مواصلات

 
0
336

لاہور اپریل 27 (ٹی این ایس): صوبائی وزیربرائے مواصلات و تعمیرات سردار محمد آصف نکئی نے کہا ہے کہ حکومت کانیا بلدیاتی نظام صوبے کے عوام کی امنگو ں اور خواہشات کے عین مطابق ہوگا،نئے نظام کے تحت حقیقی معنوں میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا جس کے نتیجہ میں سروس ڈیلیوری سسٹم میں بہتری آ ٓئے گی ۔ نمائندوں کی عوام تک رسائی اور عوام کی سہولیات تک رسائی آسان تر ہو گی۔
بلدیاتی نمائندوں کو اختیار ات کے ساتھ فعال بنائیں گے۔گزشتہ روزمختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت پسماندہ علاقوںکو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کیلئے کوشاں ہے۔ اس مقصد کیلئے پنجاب کی آئندہ پانچ سالہ ترقیاتی منصوبہ بندی کے ساتھ سپیشل سٹریٹجی متعارف کروائی جا رہی ہے جس کے تحت فضائی سروے کے ذریعے پسماندہ علاقوںکے مختلف مسائل سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے جس کی بنیاد پر ان علاقوں میں موزوں ترقیاتی پراجیکٹس کا انتخاب کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں پنجاب میں ترقی وخوشحالی کی یکساں پالیسی کی دھجیاں اڑائی گئیں ۔ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل میں حد درجہ سنجیدہ ہے، عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ہمارے دروازے ہر خاص وعام کیلئے کھلے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ معاشی بحران حکومت کو وراثت میں ملاہے۔ تحریک انصاف اپنی عوامی مقبولیت کو دائو پر لگا کر معیشت کی بہتری کے لیے ناپسندیدہ فیصلے لے رہی ہے جن کے مثبت ثمرات بتدریج سامنے آئیں گے۔