اسلام آباد اپریل 27 (ٹی این ایس): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ووٹوں کی گنتی سے شکست خوردہ اور مایوس عناصر درختوں کی گنتی کرکے سیاسی نشہ پورا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور اس میں بھی انہیں شکست ہوگی، بلین ٹری سونامی کے بارے میں رپورٹ سیاسی سازش ہے، حکومت کے سیاسی مخالفین نے یکطرفہ دورہ کرکے اپنی مرضی کی رپورٹ دی جو حقائق پر مبنی نہیں ہے، عدالت میں درخواست دینے سے ظاہر ہوا ہے کہ بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے، اصل حقائق اب عوام کے سامنے آئے ہیں کہ انکو دل کا نہیں اقتدار کا درد ہے۔
ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور ان کی ٹیم سب سے بڑی جھوٹی ہے جنہوں نے کہا کہ ہم لندن نہیں جانا چاہتے اور عدالت میں درخواست جمع کرادی۔ انہوں نے کہا کہ(ن) لیگ کی ترجمان درخت گننے کے بجائے قومی خزانے سے جو لوٹ مار کی ہے اس پیسے کو گن کر لوٹی رقم واپس کریں۔ (ن) لیگ کی ترجمان بتائیں جب سے ضمانت ملی ہے میاں صاحب کے دل کی حالت کیسے ٹھیک ہوگئی ہی ۔
(ن) لیگ کے ترجمان درخت گننے کے بجائے یہ بتائیں میاں صاحب ہسپتال میں اب تک داخل کیوں نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی کے بارے میں رپورٹ سیاسی سازش ہے۔ حکومت کے سیاسی مخالفین نے یکطرفہ دورہ کرکے اپنی مرضی کی رپورٹ دی جو حقائق پر مبنی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس سیاست کرنے کے لئے اور کچھ نہیں بچا اس لیے انہوں نے درختوں کا بہانہ تلاش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا جانتی ہے کہ درختوں کے معائنے کے لیے وہ لوگ گئے جو عمران خان کے بدترین سیاسی مخالف ہیں۔ بلین ٹری سونامی کے بارے میں اپوزیشن ارکان کی نام نہاد رپورٹ خیبرپختونخوا میں پولیو ڈرامے کی طرز پر ایک اور ڈرامہ ہے۔












