پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شمشیر کا ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے تسلسل میں مسقط کی بندرگاہ سلطان قابوس کا دورہ

 
0
371

اسلام آباد مئی 02 (ٹی این ایس): پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شمشیر جس پر AL 43 ہیلی کاپٹر بھی موجود ہے نے مسقط کی بندرگاہ سلطان قابوس کا دورہ کیا۔ پاک بحریہ کا یہ جہاز ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے سلسلے میں شمالی بحیرہ عرب ، خلیج عمان اور خلیج عرب میں سکیورٹی آپریشنز کی انجام دہی پر مامور ہے جس کا بنیادی مقصدسمندروں کی بحری تجارتی راہداریوں کو قومی اوربین الاقوامی بحری تجارت کیلئے محفوظ اور پر امن بنانا ہے۔

سلطان قابوس بندرگاہ آمد پرعمان کی رائل نیوی نے پی این ایس شمشیر کو خوش آمدید کہا اور پاکستان کے دفاعی اتاشی، رائل عمانی بحریہ کے جوانوں اور آفیسرز نے پاک بحریہ کے جہاز کاپر تپاک استقبال کیا۔
سلطان قابوس بندرگاہ قیام کے دوران پی این ایس شمشیرکے کمانڈنگ آفیسر نے ودام میں سید بن سلطان نیول بیس کے کمانڈنگ آفیسر اور عمان میں تعینات پاکستان کے سفیر سے ملاقاتیں کیں۔
سید بن سلطان نیول بیس کے کمانڈنگ آفیسر سے ملاقات کے دوران پی این ایس شمشیر کے کمانڈنگ آفیسر نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے عمان کی بحریہ اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔اس دوران انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پی این ایس شمشیر کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین موجود مختلف النوع اشتراک پر مبنی تعلقات کا مظہر ہے۔

دورے کے دوران پی این ایس شمشیر پر ایک ضیافت کا انعقاد بھی کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ہیڈ آف چانسری جناب سلمان اطہر تھے۔ رائل عمانی نیوی کے جوانوں ،آفیسرزاوردیگر مہمانوں کی ایک کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران کمانڈنگ آفیسرپی این ایس شمشیر نے حاضرین کو آگاہ کیاکہ حکومت پاکستان کی پالیسی کی روشنی میں پاک بحریہ عالمی پانیوں میں امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئے2004 سے کثیر القومی کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں اپنا کردار تسلسل کے ساتھ ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے پاکستان اور عمان کی بحری افواج او ردونوں ممالک کی عوام کے مابین دو طرفہ تعلقات میں مزید استحکام کیلئے امید کا اظہار کیا۔ بعد ازاں، پی این ایس شمشیر پر عوام کو دورے کی اجازت دے دی گئی جس کے دوران سلطان آرمڈفورسز کے جوانوں ، آفیسرز اور ایک کثیر تعداد میں سویلینز نے جہاز کا دورہ کیا۔
دورے کے اختتام پر پی این ایس شمشیر اور رائل عمانی بحریہ کے جہاز النصیر (RNOV AL NASEER) کے مابین عمان کے پانیوں میں مشق کا انعقاد کیا گیا۔
مشق کے بعد پی این ایس شمشیر ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے تحت شمالی بحیرہ عرب میں سکیورٹی آپریشنز میں سر گرم ہو گیا۔ پی این ایس شمشیر کثیرالقومی کمبائنڈ ٹاسک فورس (CTF-150) میںآ پریشنز سر انجام دے رہا ہے جس کی کمان پاکستان کر رہا ہے۔
پاکستان اور عمان آپس میں مذہب اور بھائی چارے کے لازوال بندھن میں جڑے ہوئے ہیں۔ پی این ایس شمشیر کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین مختلف شعبوں میں تعلقات میں فروغ کا باعث بنے گا۔