اسلام آباد میں سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی تجاوزات کے خاتمے کے خلاف مہم بھر پور طریقے سے جاری

 
0
441

اسلام آباد مئی 03 (ٹی این ایس): اسلام آباد میں سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی تجاوزات کے خاتمے کے خلاف مہم بھر پور طریقے سے جاری ہے۔ اس مہم کے دوران اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں مستقل اور عارضی بنیادوں پر کی جانے والی تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔اس ضمن میں سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ نے جی ٹی روڈ سے ملحقہ سنگ جانی ٹول پلازہ کے قریب سرائے مادھو میں وسیع پیمانے پر آپریشن کیا۔ اس آپریشن کے دوران دو بڑے پلازے امان میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (تین منزلہ) اور آٹو زون ورکشاپ کو ٹارگٹ کیا گیا۔ آپریشن میں فرنٹ پروجیکشن،فرنٹ بیم کالم، گراؤنڈ فلور پر بنائے گئے آٹھ کمرے، دفتر استقبالیہ جبکہ فرسٹ فلور کے آٹھ کمرے اور سیکنڈ فلور پر بنائے جانے والے ہال کے علاوہ امان میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کی شمالی اطراف کی سیڑھیوں اورپلرز کو گرا دیا گیا۔اسی طرح آٹو زون ورکشاپ کا وہ حصہ جو سی ڈی اے کی سرکاری زمین پر تعمیر کیا گیا تھا کو گرا دیا گیا جس میں 20 بیم کالم بمعہ چھت اور باہر کی دیوار شامل ہیں۔تجاوزات کے خلاف جاری اس آپریشن میں جابہ تیلی کے علاقے میں بھی متعدد غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔ اس آپریشن کے دوران دو بڑی چار دیواریاں جو کہ دو کنال رقبے پر محیط تھیں کو گرا یا گیا جبکہ سرکاری اراضی پر زیرِ تعمیر دس مرلے کے مکان کو بھی مسمار کیا گیا۔ سید پور گاؤں میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی جانے والی چار دیواری کو بھی گرا دیا گیا۔