پاک دھرتی کو امن کا گہوارہ بنانے کی جنگ پہلے بھی کامیابی سے لڑی، آئندہ بھی لڑیں گے‘عثمان بزدار

 
0
345

لاہور مئی 08 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے داتادربار کے قریب دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو ماہرین نے دھماکے کی نوعیت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو دھماکے کے بعد امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے بعد پولیس اور متعلقہ ادارے بروقت جائے وقوعہ پر پہنچے اور اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کیں۔
آئی جی پنجاب سمیت متعلقہ حکام موقع پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں خود واقعہ کی تحقیقات پر ہونے والی پیش رفت کو مانیٹر کر رہا ہوں اور جیسے ہی مجھے افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملی، میں نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو ہدایات دیں اور پنجاب سیف سٹی اتھارٹی گیا اور وہاں پر دھماکے کے واقعہ کے بارے میں بریفنگ لی اور وہاں سے میں سیدھا دھماکے کی جگہ پر پہنچا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے متعلقہ محکموں کے ماہرین اور ٹیمیں بروقت موقع پر پہنچیں اور انہوں نے ریسکیو آپریشن کیا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور زخمیو ںکو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہمارے وزراء بھی ہسپتال میں زخمیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتو ں کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ بہت جلد ہم اس کیس کو ٹریس کر لیں گے۔شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے لواحقین کی مالی معاونت کی جائے گی اور زخمی افراد کو بھی علاج معالجے کیلئے مالی امداد دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وطن کے امن کو تباہ کرنے والے دہشت گرد عبرتناک انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ پاک سرزمین کو امن کا گہوارہ بنانے کی جنگ پہلے بھی کامیابی سے لڑی، آئندہ بھی لڑیں گے۔