کراچی مئی 09 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور معروف اسکالر عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ بشریٰ عامر رمضان ٹرانسمیشن کی میزبان بن گئیں۔وہ نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں میزبانی کے فرائض نبھا رہی ہیں جسے بے حد سراہا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق رمضان ٹرانسمیشن کی بات اور عامر لیاقت کا ذکر نہ آئے ایسا تو ہو نہیں سکتا۔عامر لیاقت حسین مختلف نجی ٹی وی چینلز پر رمضان ٹرانسمیشن کرتے رہے جسے عوام میں بے حد پسند بھی کیا جاتا تھا تاہم کچھ موقوں پر ان کے پروگرام پر تنقید بھی کی گئی۔
لیکن اس بات میں کوئی شک نہیں کہ عامر لیاقت حسین جس چینل پررمضان ٹرانسمیشن کرتے ہیں اس کی ریٹنگ آسمانوں پر ہوتی ہے۔تاہم اب عامر لیاقت حسین کی پہلی اہلیہ بشریٰ عامر نے بھی اس میدان میں قدم رکھ دیا ہے۔اگرچہ بشریٰ عامر پہلے ہی اس فیلڈ میں بطور پروڈیوسر کام کر رہی تھیں تاہم ان کا نام اس وقت خبروں کی زینت بنا جب عامر لیاقت حسین نے دوسری شادی کی۔
جس کے بعد ان کی بیٹی کی طرف سے کچھ ایسے ٹویٹس کیے گئے جس نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی بیٹی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر ہے جس نے مجھے اتنی اچھی والدہ ، بھائی اور مدد گار دوستوں سے نوازا، جو لوگ آپ کے بُرے وقت میں آپ کے ساتھ رہتے ہیں وہی لوگ آپ کی زندگی میں سب سے زیادہ معنی رکھتے ہیں۔