لاہور مئی 09 (ٹی این ایس): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خا ن نے کہا ہے کہ سانحہ داتا دربار میںایلیٹ فورس کے بہادرسپوتوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے اہلیان لاہور کو بڑے سانحے سے بچایا ہے جس پر پنجاب پولیس کے ساتھ ساتھ پوری قوم کو ان پرناز ہے، انہوں نے مزید کہا کہ خود کش دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام اہلکاروں کی طبی امداد کیلئے بہترین اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ شہدا ء کی فیملیز کی دیکھ بھال اور ویلفیئر کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا، دہشت گردوں کے قلع قمع کیلئے پولیس فورس کا عزم و حوصلہ غیر متزلزل ہے اور پنجاب پولیس کے سربکف جوان ایسے واقعات سے گھبرانے والے نہیں ، شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے مستقبل میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج میو ہسپتال میں سانحہ داتا دربار میں زخمی ہونے والے ایلیٹ پولیس کے اہلکاروں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے سانحہ داتا دربار میں زخمی ہونے والے تمام زخمی اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انکی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا،زخمیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نے جس فرض شناسی اوردلیری کے ساتھ اپنے پیشہ ورانہ فرائض اداکئے ہیں وہ باقی فورس کیلئے قابل تقلید مثال ہے، مکمل صحت یابی تک زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میری ذاتی ذمہ داری ہے اور ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے پولیس اپنی فیملی کے زخمی جانبازوں سے ملنے کیلئے خود آیا ہوں، اس موقع پر سی سی پی او لاہور بی اے ناصر ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی آئی جی پنجاب کے ہمراہ تھے،مزید برآں آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی ہدایت پر لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میںپولیس فلیگ مارچ کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا جس میں صوبے بھر کے پولیس افسران و اہلکاروں نے حصہ لیا ،ان فلیگ مارچ کی قیادت ضلعی پولیس آفیسرز سمیت دیگر سینئر افسران نے کی جس کا مقصد لاہور بم دھماکے کے بعد شہریوں اور فورس کا مورال بلند رکھنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں کو یہ واضح پیغام دینا تھا کہ پنجاب پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت متحرک ہے اور پولیس کا ہر سپاہی یہ عزم رکھتا ہے کہ عوام کی حفاظت ہی ان کی عبادت ہے جبکہ دہشت گرد اور شرپسند عناصر یہ جان لیں کہ انہیں ہمیشہ کی طرح شکست فاش کا سامنا کرنا پڑے گا،فلیگ مارچ کے دوران پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں نے اپنے اپنے ضلع کے شہروں اور بازاروں سمیت گرد و نواح کا چکر لگایا جبکہ مارچ میں ضلعی پولیس کے تمام ایس ایچ اوز ، ڈی ایس پیز ، انویسٹی گیشن آفیسرز کے ساتھ ساتھ ایلیٹ فورس نے بھی بھرپور شرکت کی، آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی ہدایت پر صوبہ بھر کی پولیس نے ایک ہی دن اپنی صلاحیتوں اور طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے شہریوں کو یہ احساس دلایا کہ قربانیاں پنجاب پولیس کے بہادروں کا حوصلہ پست نہیں کر سکتیں ،فلیگ مارچ کے آغاز سے قبل داتا دربار کے شہدا پولیس کے حق میں دعا کرنے کے ساتھ ساتھ اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ ان شہدا کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور صوبے سے سماج دشمن عناصر کا قلع قمع کرتے ہوئے پرامن پنجاب کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے گی، بعد ازاں آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں سانحہ داتا دربار میں شہید ہونے والے ایلیٹ پولیس فورس کے پانچویں جانبازکانسٹیبل صدام حسین کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی جس کے بعد کانسٹیبل صدام حسین کو سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی شہر قصور میں سپرد خاک کیلئے روانہ کردیا گیا۔