آشیانہ اقبال اور رمضان شوگرملز کیسزکی سماعت 25 مئی تک ملتوی، شہازشریف اور حمزہ شہباز نے حاضری سے استثنیٰ مانگ لیا

 
0
354

لاہور مئی 11 (ٹی این ایس): پنجا ب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال اور رمضان شوگرملز کیسزکی سماعت 25 مئی تک ملتوی کر دی ہے. دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کمرہ عدالت میں موجود ہیں؟مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے جواب دیا کہ سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف علاج کے سلسلے میں بیرون ملک میں ہیں، جبکہ ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز بھی آج ٹھیک نہیں ہیں، ان کی حاضری سے معافی کی درخواست جمع کروائی ہے.
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو آج حاضری سے استثنیٰ دیا جائے‘عدالت نے سوال کیا کہ یہ بتایا جائے کہ کیا شہباز شریف دو ہفتوں تک وطن واپس آجائیں گے؟امجد پرویز نے جواب دیا کہ شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں جمع کروا دی ہیں. سرکاری وکیل نے کہا کہ شہباز شریف ملزم ہیں،وہ اس عدالت کی اجازت کے بغیر ملک سے باہر گئے ہیں‘سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ عدالت شہباز شریف کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں واپس لائے، عدالت شہباز شریف کے ورانٹِ گرفتاری جاری کرے.
شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہاکہ ڈاکٹروں نے شہباز شریف کو مزید علاج معالجے کے لیے بیرون ملک رہنے کی ہدایت کی ہے، حالانکہ شہباز شریف خود عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں. عدالت نے دونوں درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور آشیانہ اقبال اور رمضان شوگرملز کیسزکی سماعت 25 مئی تک ملتوی کر دی. واضح رہے کہ رمضان شوگر مل کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے جبکہ آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف سمیت تمام ملزموں پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے‘دونوں کیسوں میں گواہوں کی شہادتیں قلمبند کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے.