جنوبی صوبہ پنجاب کے لیے آئینی ترمیم کا بل کی تحریک منظور، جنوبی پنجاب صوبہ بنانے لیے آئینی ترمیمی بل کی تحریک کثرت رائے سےمنظور کرلی گئی

 
0
284

اسلام آباد مئی 13 (ٹی این ایس): جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لیے آئینی ترمیم بل کی تحریک قومی اسمبلی میں منظور کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان بھی شریک تھے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں جنوبی صوبہ پنجاب بنانے کی تحریک بہاولپورسے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی نے پیش کی۔
جس پراس آئینی ترمیمی بل کی تحریک کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔ ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جنوبی پنجاب صوبہ پر پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف ایک پیج پر ہیں۔ تحریک انصاف جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لیے اپنے منشور پر عمل کرکے رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک اپنی تکمیل کو پہنچے گا۔ کوئی کچھ بھی کر لے سی پیک بن کر رہے گا۔
گوادر حملے میں جن اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا سی پیک کے لئے خصوصی سکیورٹی ڈویژن بنایا ہے،سی پیک کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سابق وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پرائیویٹ ممبر بل سے آئینی ترمیم ہورہی ہے،فاٹا کی عوام کو ان کا حق دیا جائے۔
جس شخص نے فاٹا کا بل موو کیا اس کا تعلق پی ٹی ایم سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو راء کا ایجنٹ کہتے ہیں، اگر ایسا ہے اس کو سزا ملنی چاہیئے۔ آج اس اہم بل پر وزیراعظم کو ایوان میں موجود ہونا چاہئیے تھا۔ مولانا فضل الرحمن نے مجھے بتایا کہ انہیں فاٹا بل پر شدید اختلاف ہے۔ فاٹا بل پر حکومت اور اپوزيشن کے دستخط ہونے چاہئیے تھے، ملک کے بڑے بڑے مسائل پر بات نہیں ہورہی۔ شاہد خاقان عباسی کی تقریر کے دوران ہی وزیراعظم عمران خان بھی ایوان میں پہنچ گئے۔ دوسری جانب قبائلی اضلاع سے متعلق آئینی ترمیمی بل بھی آج قومی اسمبلی میں منظوری کے لئے پیش ہوگا جس کی منظوری کے لیے کم سے کم ایوان میں 2 سو 28 ارکان کی حمایت درکار ہوگی۔