ملک کی معاشی صورتحال پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار وزیراعظم عمران خان پر پھٹ پڑے

 
0
1049

اسلام آباد مئی 16 (ٹی این ایس): ملک کی معاشی صورتحال بگڑنے پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم عمران خان اور موجودہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں معاشی صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے موجودہ حکومت کو مفید مشورے بھی دئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے۔ حکومت کو چاہئیے کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے انٹرسٹ ریٹ کو کم کر کے کاروباری حضرات کا حوصلہ بڑھائے، ترقیاتی کام شروع کرے تاکہ روزگار کے مواقع بڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ ریورس گئیر لگا کر ملک کو راستے پر لایا جائے۔ یہی وہ ملک ہے جس میں چالیس سال کے کم ترین انٹرسٹ ریٹ تھے، افراط زر کی شرح بھی چالیس سال کی کم ترین سطح پر تھی۔ آپ کہتے ہیں کہ ہمارے نو ماہ کا مسلم لیگ ن کی حکومت کے نو ماہ سے موازنہ کریں اگر آپ ایسا بھی کریں تو آپ کو شرمندگی ہی ہو گی۔ آپ پاکستان میں جو ترقیاتی کام ہیں ان کو ترجیح دیں اگر ہم ان چیزوں کو فوکس کر لیں تو ابھی بھی پاکستان کو صحیح ٹریک پر چلایا جا سکتا ہے اور پاکستان کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کیا کہا آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمرنے وزارت خزانہ کا قلمدان واپس کیا تو اس پر سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی اس تبدیلی پر رد عمل دیا تھا۔ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پر متحرک ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ میں نے عوام کو حکومت کی معاشی پالیسیوں کے اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر متحرک ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور اسی کے تحت اب اسحاق ڈار وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیو پیغامات جاری کرتے اور معاشی بحالی کے حوالے سے حکومت کو مشورے دیتے ہیں۔