اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا، بنیادی شرح سود 12.25 فی صد ہو گئی

 
0
456

کراچی مئی 20 (ٹی این ایس): اسٹیٹ بینک کی جانب سے مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا گیا، آئندہ 2 ماہ کے لیے شرح سود میں اضافے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے. تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے اگلے دو ماہ کے لیے سود کی شرح میں اضافے کافیصلہ کر لیا‘مرکزی بینک کی شرح سود میں 150 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا، اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ بنیادی شرح سود 12.25 فی صد ہو گئی ہے.
واضح رہے کہ آج انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں مزید ایک روپیہ 78 پیسے اضافہ ہو گیا ہے، اس طرح ڈالر 149 روپے 65 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے. اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 151 روپے ہوگئی، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے بعد ریکوری دیکھنے میں آئی، 800 پوائنٹس کی مندی کے بعد انڈیکس مثبت زون میں آگیا. دوسری طرف معروف بزنس مین زبیر موتی والا کہتے ہیں کہ ڈالر گرنے والا ہے اور روپے انشا ءاللہ مستحکم ہو کر رہے گا، عوام سے درخواست ہے کہ افواہیں اور ذخیرہ اندوزی چھوڑیں، ڈالر کو روپے میں تبدیل کرائیں.
سرمایہ کار عارف حبیب نے کہا کہ پاکستانی محب وطن ہیں بس انھیں بتانا ہے کہ روپیے کو کیسے اٹھانا ہے، عوام صرف ملکی چیزیں استعمال کریں‘ پالیسی ریٹ 12.25 فیصد ہوگیا. اسٹیٹ بینک نے آئندہ 2 ماہ کے لیے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا جس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے نئی پالیسی میں اسٹیٹ بینک نے شرح سود بڑھادی، شرح سود میں 150 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پالیسی ریٹ 12.25 فیصد ہوگیا. اسٹیٹ بینک کے اعلامیہ کے مطابق جولائی تا اپریل مہنگائی کی رفتار گزشتہ سال سے دگنی ہوگئی، جولائی اپریل افراط زر کی شرح 7 فیصد تک پہنچ گئی، مالی سال 2019 میں افراط زر کی شرح 6.5 سے 7 فیصد تک رہے گی جبکہ شرح سود 12.25 فیصد مقرر کر دی گئی.