ڈولفن فورس کا مقصد سٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی بیسڈ پولیسنگ کو فروغ دینا ہے‘کیپٹن (ر) عارف نواز

 
0
322

لاہور مئی 20 (ٹی این ایس): انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر)عارف نواز خا ن نے کہا ہے کہ ڈولفن فورس کے موثر گشت اوربروقت کاروائیوں کی بدولت لاہور سمیت صوبے کے دیگر بڑے شہروں میں سٹریٹ کرائمز پر قابو پانے میں خاص مدد ملی ہے تاہم اختیار ات سے تجاوز یا ایس او پیزپر عمل نہ کرنے والے اہلکاروں کی ڈولفن سمیت محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں،گذشتہ دنوں ڈولفن فورس کی فائرنگ کی زد میں آ کرخاتون کے جاں بحق ہونے کے واقعہ میں ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کاروائی میں تاخیر ہر گز نہ کی جائے اور ڈولفن فورس کے تمام اہلکاروں کوبھرپور بریفنگ دی جائے کہ صرف جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے حملہ ہونے اورڈولفن فورس پر فائرنگ کی صورت میں ہی انہیں جوابی فائر کرنے کی اجازت ہے بصورت دیگر انہیں اسلحہ استعمال کرنے کا کوئی اختیار نہیں اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے خود کو قانونی اور محکمانہ کارروائی کے لیے تیار رکھیں،ڈولفن فورس کا مقصد سٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی بیسڈ پولیسنگ کو فروغ دینا ہے لہذا ڈولفن کی پٹرولنگ کو مزید موثر بناتے ہوئے شاہراہو ں کے ساتھ رمضان المبارک کے دوران کاروباری مراکز کی سکیورٹی کوبھی یقینی بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اجلاس کے دوران سینئر پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس غلام رسول زاہد، سی سی پی او لاہور بی اے ناصر، ڈی آئی جی لاجسٹکس رائے بابر سعید،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان اور ایس پی ڈولفن بلال ظفر بھی موجود تھے۔
اجلاس میں ایس پی ڈولفن فورس لاہور بلال ظفرنے آئی جی پنجاب کو ڈولفن فورس کی کارکردگی کے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ ڈولفن فورس کی کمیونٹی بیسڈ پولیسنگ فارمولے کی بدولت جہاں جرائم پیشہ عناصر بالخصوص سٹریٹ کرائمز پر قابو پانے میں مدد حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈولفن اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے سال میں ایک بار چار ہفتوں کا ریفریشر کورس کروایا جاتا ہے جن میں ایک ہفتہ انہیں پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ، ایک ہفتہ ایلیٹ ٹریننگ کالج بیدیاں اور دو ہفتے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں کرائم کنٹرول اور جدید پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ ساتھ اخلاقیات کے حوالے سے تربیت دی جاتی ہے۔
ایس پی ڈولفن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت لاہور میں ڈولفن فورس 2416اہلکار ٹیموں کی صورت 277بیٹس میں گشت کے فرائض سر انجام دیتے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ڈولفن فورس کو اپنی پرفارمنس سے قانون پسند شہریوں کیلئے تحفظ جبکہ جرائم پیشہ عناصر کیلئے خوف کی علامت کے طور پر نظر آنا چاہئیے انہوں نے مزید کہا کہ ڈولفن فورس کے ریفریشر کورسز میں خاص طو ر پر سٹریس پوزیشن میں درست نشانہ لگانے کی پریکٹس کروائی جائے تاکہ سماج دشمن عناصر سے مقابلے کے دوران کسی راہ گیر کو نقصان نہ پہنچ سکے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ ڈولفن فورس جدید سہولیات اور تربیت سے آراستہ پروفیشنل فورس ہے جس کے قیام کا مقصد شہریو ں کے جان، مال اور عزت کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنا نا ہے لہذادوران ڈیوٹی ڈولفن اہلکار اپنی جدید ٹریننگ کو بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور محنت، فرض شناسی اور لگن کے ساتھ فرائض منصبی کی ادائیگی کو یقینی بنائیں جبکہ شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی لیکن شہریوں کو نقصان پہنچانے یا غیر مہذب رویہ اختیار کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔