اسلام آباد میں جاری انسداد تجاوزات مہم کے تحت سی ڈی اے نے جمعرات کے روز مختلف کاروائیاں عمل میں لاتے ہوئے متعدد غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا خاتمہ کر دیا

 
0
410

اسلام آباد مئی 23 (ٹی این ایس): مختلف اہم شاہراؤں کے اطراف قائم عمارتوں کی طرف سے رائٹ آف ویز اور پلاٹ لائن سے تجاوز کر کے کی جانے والی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بھر پور آپریشن کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیموں نے سی ڈی اے کے شعبہ لینڈ سروے اور بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے کی جانے والی نشاندہی پرکاروائی عمل میں لاتے ہوئے اسلام آباد کے جناح ایونیو پر قائم او جی ڈی سی ایل بلڈنگ کے باہر غیر قانونی طور پر تعمیر کیا گیا کیبن،تین واش روم، ایک کچن اور ایک باؤنڈری وال مسمار کر دی۔ اسی طرح شہید ِ ملت بلڈنگ کے باہر غیر قانونی طور پر تعمیر کردہ چار دیواری، لوہے کے جنگلے، ایک کنٹین ہال اور ایک شیڈ،سٹیٹ لائف بلڈنگ کے باہر تعمیر کردہ غیر سیکورٹی کیبن، سٹیٹ لائف کی بلڈنگ نمبر6 کے اطراف لگائی گئی غیر قانونی باڑ، ایک میڈیا ہاؤس کے اطراف تعمیر کیا گیا غیر قانونی شیڈ اور باڑ کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر عمارتوں کے اطراف سے بھی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔

اسی طرح ایک کاروائی کے دوران سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے سیکٹر G-9/4میں PSOکے پیٹرول پمپ پر سرکاری اراضی پر بنائے گئے دو کیبن توڑ دیئے جس کے لیے ایم پی او کی ہیوی مشینری استعمال کی گئی اور لکڑی کے ایک ٹال بمعہ دو عدد کمرے اور ایک عدد چھپر کو بھی گرا دیا گیا۔ایک اور کاروائی میں ریت و بجری کے تین اڈے مکمل طور پر ختم کر دیئے گئے جبکہ G-9 ڈبل روڈ اور G-9 مرکز کے سامنے فروٹ کے تمام سٹالز کو ختم کر دیا گیا۔