بچوں سے جنسی زیادتی میں ملوث ہر درندے کو اب پھانسی پر لٹکایا جائے گا، وزیراعظم نے قانون سازی کا حکم دے دیا

 
0
343

اسلام آباد مئی 29 (ٹی این ایس): بچوں سے جنسی زیادتی میں ملوث ہر درندے کو اب پھانسی پر لٹکایا جائے گا، وزیراعظم نے قانون سازی کا حکم دے دیا، فردوس عاشق اعوان کے مطابق وزیراعظم نے جنسی استحصال کرنے والوں کو سزائے موت کیلئے موثر قانون سازی کی ہدایت کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حکم دیا ہے کہ بچوں سے جنسی زیادتی میں ملوث ملزمان کو سزائے موت دلوانے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کو حکم دیا ہے کہ چوں سے جنسی زیادتی میں ملوث افراد کو سزائے موت دلوانے کیلئے فوری موثر قانون سازی کی جائے۔ اس حوالے سے مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نے جنسی استحصال کرنے والوں کو سزائے موت کیلئے موثر قانون سازی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے کابینہ کو آگا ہ کیا کہ پورنوگرافی ویب سائیٹ کی وجہ سے بچوں پر جنسی تشدد کے واقعات ہورہے ہیں ، بچوں کے جنسی استحصال میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم نے انسانی حقوق ،قانون و انصاف ،داخلہ اور دیگر وزارتوں کو ذمہ داری سونپی ہے کہ بچوں کے ساتھ جنسی تشدد ،جنسی استحصال ،ذیادتی اور پرتشدد رویوں کو سامنے رکھتے ہوئے موجودہ قوانین کا جائزہ لیا جائے اور تجویز دی کہ بچوں کا استحصال کرنے والوں کے لئے سزائے موت کا تعین ہوا، تینوں وزراتیں فی الفورلائحہ عمل تیار کر کے کابینہ میں لائیں تاکہ معاشرے کے اندر بڑھتی ہوئی اس وباء کی روک تھام ہوسکے ،اس کے ساتھ ساتھ شعور آگاہی بھی ضروری ہے ، معاشرے کے تمام سٹیک ہولڈرز بھی اس مہم کا حصہ بنیں اور ہر سطح پر انٹرنیٹ کی موجودگی اور اس پر موجود مواد سے بچنے کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کریں ۔