وزیراعلی خیبرپختونخوا کی سوکی کناری ڈیم ناران کے متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کی یقین دہانی

 
0
377

پشاورجولائی19(ٹی این ایس)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ضلع مانسہرہ تحصیل بالا کوٹ میں سوکی کناری ڈیم ناران کے متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے صوبائی اور وفاقی سطح پر متعلقہ حکام کو پہلے ہی سے ہدایات دے دی ہیں کہ سی پیک کے تحت پراجیکٹس میں استعمال ہو نے والی زمین کا حقیقی تجزیہ کریں تا کہ متاثرین کو مناسب معاوضہ دیا جاسکے۔وہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے باتیں کر رہے تھے جنہوں نے بدھ کے روز ان سے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی۔ صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی اور مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے ممبران صوبائی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفاقی وزیر نے سی پیک کے مختلف پراجیکٹس کے سلسلے میں مختلف مسائل سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ وفاقی وزارت واٹر اینڈ پاور کی طرف سے آئے ہیں تاکہ وہ مقامی اراضی مالکان کے معاوضہ کا مسئلہ حل کر سکیں جن کی زمین سی پیک کے پراجیکٹ سوکی کناری ڈیم میں استعمال ہو رہی ہے۔ انہوں نے ضلع مانسہرہ کی ترقیاتی سرگرمیوں پر بھی بحث کی۔سوکی کناری کے اراضی معاوضے کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے وفاقی وزیر کو یقین دلایاکہ ان کی حکومت نے پہلے ہی سے سی پیک کی تمام متعلقہ سرگرمیوں کے تحت متاثرین کو اراضی معاوضہ کیلئے معیاری طریقہ کار کے سلسلے میں ہدایات دے دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو مختلف پراجیکٹس میں استعمال ہونے والی زمین کی قیمتوں کے تعین اور سی پیک راستے میں انفرا سٹرکچر کو نقصانات کے حقیقی جائزہ کیلئے ہدایات دی ہیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جائیداد کا معاوضہ دیا جائے گا اور تباہ شدہ انفرا سٹرکچر کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔پرویز خٹک نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت یہ بات یقینی بنائے گی کہ ہر ایک کے ساتھ انصاف ہو جن کی جائیداد کو نقصان پہنچا یاکسی بھی سی پیک سے متعلقہ سرگرمی میں استعمال ہو اور ان تمام متاثرین کو حقیقی معاوضہ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تجزیہ مکمل ہو تے ہی معاوضہ کی ادائیگی آسان ہو جائے گی۔لوگوں کو ان کا حصہ اور جائیداد کی قیمت قانون کے مطابق دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی سے سی پیک کے تحت کسی بھی متاثر ہونے والی پراپرٹی کے لئے سادہ ترین طریقہ کا ر اورموجودہ نرخوں کے مطابق معاوضوں کی تیاری کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعلیٰ نے ضلع مانسہرہ میں ترقیاتی سکیموں بشمول سڑکوں کے مواصلات (روڈکمیونیکیشن) اور واٹر سپلائی سکیموں کے حوالے سے کہا کہ ان کی حکومت نے ضلع مانسہرہ سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں ترقیاتی لائحہ عمل کے تحت منصفانہ وسائل فراہم کئے ہیں اور صوبے کے تمام اضلاع میں ترقی کے حوالے سے بنائے گئے تقسیمی فارمولا جات کے تحت مانسہرہ بھی اپنا حصہ پائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہاں دو طرح کے مختص طریقے ہیں جن کے تحت مقامی حکومتیں تمام اضلاع کیلئے اپنا شیئر(حصہ) ہے۔صوبائی حکومت نے گزشتہ چار سالوں میں مقامی حکومتوں کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میں سو ارب روپے تقسیم کئے اور مختلف سیکٹر ز میں خرچ کئے۔انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی وزیر کے مطالبے کے مطابق ان کی حکومت سڑکوں کے مواصلاتی منصوبوں اور واٹر سپلائی سکیموں کی تعمیر کرے گی۔انہوں نے وفاقی وزیر کی جانب سے ترقی اورمختلف منصوبوں بشمول واٹر سپلائی سکیموں،سڑکوں کی تعمیر اور مانسہرہ میں تعمیر نو کے لئے اٹھائے گئے مسئلوں کے حل کی یقین دہانی کرائی۔