محکمہ موسمیات نے کل شوال کا چاند نظر آنے کی پیشن گوئی کر دی، کل مغرب کے وقت چاند ایک گھنٹے تک دیکھا جا سکے گا، چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوگا

 
0
316

اسلام آباد جون 03 (ٹی این ایس): محکمہ موسمیات نے کل شوال کا چاند نظر آنے کی پیشن گوئی کر دی، کل مغرب کے وقت چاند ایک گھنٹے تک دیکھا جا سکے گا، چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پاکستان میں شوال کے چاند کی رویت کے حوالے سے پیشن گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کل بروز منگل کو پاکستان میں شوال کا چاند نظر آجانے کے واضح امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کل مغرب کے وقت چاند ایک گھنٹے تک دیکھا جا سکے گا۔ جبکہ چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوگا جس کی صدارت مفتی منیب الرحمان کریں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش آج دوپہر 3 بجکر 2 منٹ پر ہوگی، آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 4 گھنٹے 16 منٹ ہوگی، کل کراچی میں غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 28 گھنٹے اور 16 منٹ ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل چاند غروب آفتاب کے ایک گھنٹے بعد تک افق پر موجود رہے گا، پشاور سمیت پورے پاکستان میں 4 جون کو چاند کی رویت ممکن ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پاکستان میں موجود پاکستان میٹالرجیکل ڈیپارٹمنٹ کے کے 66 مخصوص مقامت پر عوام کو دعوت دی ہے کہ عام لوگ بھی ان جگہوں پر 4جون کی شام آکر چاند دیکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ایک لسٹ جاری کی ہے جس میں ان 66شہروں کے نام دیے گئے ہیں جہاں پہ چاند دیکھا جاسکتا ہے۔ وزیرسائنس و ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ ان مقامات میں سے کچھ جگہوں پر جدید ترین آلات نصب ہیں اور کچھ جگہوں پر نسبتاََ کم جدید آلات ہیں تاہم سب عام لوگ خود چاند دیکھ چند لوگوں پر انفرادی طور پر یقین رکھنے کی بجائے سائنس اور جدید ٹیکنالوجیز پر یقین کر سکیں گے۔