0
250

لاہور جون 21 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے گوجرانوالہ ڈویژن کے اراکین صوبائی اسمبلی کی ملاقات۔ صوبے کے عوام کو بنیادی ضروریات اور بہترین سروس ڈلیوری فراہم کرنے اور مسائل کے حل کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال۔ اراکین اسمبلی نے فرداً فرداً اپنے حلقوں، علاقے اور دیگر عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی کے مسائل خود نوٹ کئے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔
وزیراعلیٰ کا بجٹ سیشن کے بعد پنجاب کے ہر ضلع کا دورہ کرنے کا اعلان۔ میں صوبے کے چپے چپے کا وزٹ کروں گا اور موقع پر جا کر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لوں گا۔ اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ اراکین اسمبلی کی عزت میری عزت ہے۔ ہم سب نے ٹیم ورک کے طورپر صوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔ وزارت اعلی صرف عہدہ نہیں بلکہ بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ عوام کی خدمت مشن اور اوڑھنا بچھونا ہے۔ سابق حکمرانوں نے صوبے کے عوام کی اصل ترجیحات کو نظر انداز کیا۔ ماضی میں ذاتی نمائش کیلئے منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے۔ شوبازی کا دور گزر چکا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کی حقیقی خوشحالی کیلئے سماجی شعبوں کی ترقی پر فوکس کیا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے صوبے کی ہر تحصیل میں سٹیڈیم کے قیام کا اعلان۔
جس تحصیل میں سٹیڈیم موجود نہیں، وہاں پر ترجیحی بنیادوں پر سٹیڈیم بنایا جائے گا۔ اراکین اسمبلی کی مشاورت سے تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کیلئے فنڈز دیں گے۔ گوجرانوالہ ڈویژن کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے بھی وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ کا صوبے میں ہر طرح کے مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم۔ عوام کو لوٹنے والے مافیاز کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ طاقتور قبضہ مافیا کو نکیل ڈالی ہے۔ وزیراعلیٰ کا عوامی شکایات کے ازالے کیلئے صوبے میں 115 نئے اراضی سینٹرز کے قیام کا اعلان۔
موبائل اراضی سینٹرز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ عوام سے قریبی رابطہ ہے اور ان کے مسائل اپنے سمجھ کر حل کرتا ہوں۔ میں اور میری ٹیم صوبے کے عوام کو جوابدہ ہیں۔ سیالکوٹ، میانوالی اور رحیم یار خان میں سیف سٹی کی طرز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔  منتخب نمائندوں کی مشاورت سے عوام کی ترقی و خوشحالی کے پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ آپ بہت محنت سے صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ اراکین اسمبلی آپ کے دروازے منتخب نمائندوں کیلئے کھلے ہیں۔ اراکین کا کہنا تھا کہ آپ سب کی بات سنتے ہیں۔ ہم آپ کے سامنے اپنے دل کی بات کرتے ہیں۔ آپ کی قیادت میں پنجاب ترقی کرے گا اور عوام خوشحال ہوں گے۔ صوبائی وزراء محمد اخلاق، سید سعیدالحسن شاہ، باؤ محمد رضوان، مشیر عون چوہدری، چیف وہپ پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن، آر پی او گوجرانوالہ، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، حافظ آباد، نارووال اور سیالکوٹ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر زاور ڈپی اوز بھی اس موقع پر موجود تھے۔