کراچی جولائی19(ٹی این ایس ):میئر کراچی وسیم اختر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جن مقامات پر بارش کا پانی جمع ہے اس کی فوری نکاسی کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو پریشانی نہ ہو، مزید بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کئے جائیں رین ایمرجنسی سینٹر کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے اور شہریوں کی طرف سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری اقدامات کئے جائیں، یہ بات انہوں نے بدھ کی سہ پہر ہونے والی بارش کے بعد شہر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے برنس روڈ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، نمائش، ایم اے جناح روڈ اور دیگر علاقوں کے دورے اور بعدازاں کشمیر روڈ پر اسپورٹس کمپلیکس میں قائم رین ایمرجنسی سینٹر کے دورے کے موقع پر کہی، اس موقع پر سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن بھی ان کے ہمراہ تھے۔
میئر کراچی نے رین ایمرجنسی سینٹر پہنچ کر وہاں موصول ہونے والی شہریوں کی شکایات کو دیکھا اور متعلقہ عملے کو ان فوری دور کرنے کے احکامات دیئے انہوں نے ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور کو یونیورسٹی روڈ پر جمع برساتی پانی کی فوری نکاسی کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ رین ایمرجنسی سینٹر میں تمام متعلقہ افسران اور دیگر عملہ موجود رہے تاکہ مزید بارشوں کے صورت میں نکاسی آب کے ساتھ ساتھ شہریوں کی شکایات دور کی جاسکیں، انہوں نے ہدایت کی کہ ماضی کے تجربات پیش نظر رکھتے ہوئے انڈرپاسز اور سڑکوں کے ایسے مقامات جہاں برساتی پانی جمع ہوتا ہے وہاں خاص نظر رکھی جائے،انہوں نے کہا کہ شہر میں موجودہ بارش کے بعد کی صورتحال اگرچہ مکمل طور پر کنٹرول میں ہے تاہم متعلقہ افسران اور عملہ اپنے فرائض انجام دینے میں کوئی کوتاہی نہ برتے اور نکاسی آب کے لئے فوری اور موثر اقدامات جاری رکھے،بارش کے دوران سڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے سٹی وارڈنز ٹریفک کنٹرول کرنے میں ٹریفک پولیس کی مدد کریں۔
میئر کراچی نے کہا کہ بارش کو شہریوں کے لئے رحمت ہونا چاہئے زحمت نہیں لہٰذا میونسپل سروسز، پارکس، ورکس اور دیگر محکمے باہمی کوآرڈینیشن کے ذریعے بارش سے متعلق شہریوں کے مسائل بلاتاخیر حل کرنے کے لئے اقدامات کریں اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے، انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ بارشوں کے حوالے سے شہر میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جاسکے اور شہری بارشوں کو مکمل انجوائے کرسکیں، انہوں نے کہاکہ برساتی نالوں کی صفائی کے بعد نکاسی آب کی صورتحال کافی بہتر ہوگئی ہے جبکہ انڈرپاسز میں بھی اندرونی نالوں کی صفائی کے بعد نکاسی آب کا نظام ٹھیک کام کر رہا ہے انہوں نے ہدایت کی کہ مزید بارشوں کی صورت میں تمام متعلقہ محکمے 24 گھنٹے الرٹ رہیں۔میئر کراچی نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد مستقل بنیادوں پر رین ایمرجنسی اور ریسکیو ٹیم بنائی گئی ہے تاکہ نکاسی آب اور ہنگامی صورتحال میں امدادی کاموں کی انجام دہی میں کوئی تاخیر نہ ہو، شہر کی سڑکوں پر پہلے کی نسبت صورتحال بہترہے، ہمارا تمام ڈسٹرکٹس سے رابطہ ہے اور ہم سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ بارش کے حوالے سے شہری اپنی شکایات رین ایمرجنسی سینٹر کے نمبر0335-7553976،0332-2685090پر درج کراسکتے ہیں جہاں افسران و عملہ 24 گھنٹے ان کی خدمت کیلئے موجود ہے، انہوں نے کہاکہ وسائل محدود ہونے کے باوجود ہم شہر اور شہریوں کی بہتری کے لئے جو بھی ممکن ہوا اقدامات کرتے رہیں گے۔