دینی و تبلیغی مکتبہ فکر سے متعلق لوگ کراچی کے حقوق اور اختیارات کے لئے بلدیاتی اداروں کی مدد کریں، میئر کراچی وسیم اختر

 
0
365

کراچی جولائی19 (ٹی این ایس ) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ دینی و تبلیغی مکتبہ فکر سے متعلق لوگ کراچی کے حقوق اور اختیارات کے لئے بلدیاتی اداروں کی مدد کریں، ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں ، شہر میں صفائی ستھرائی کے لئے فیضان مدینہ کے تحت ’’صفائی نصف ایمان ہے‘‘ مہم چلائی جائے، عیدالاضحی پر شہر میں بہتر انتظامات کے لئے تمام اداروں کے تعاون سے حکمت عملی بنائی جارہی ہے اس حوالے سے فیضان مدینہ کی انتظامیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی شام پرانی سبزی منڈی کے قریب دعوت اسلامی کے مرکز فیضان مدینہ کے دورے کے موقع پر کیا، صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن، ممبران صوبائی اسمبلی قمر عباس رضوی، ارشاد ظریف، فیصل رفیق، سابق ٹاؤن ناظم اظہار احمد خان، سٹی کونسل میں قانونی امور کمیٹی کے چیئرمین عارف خان ایڈوکیٹ ، ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور اور افسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

میئر کراچی کے فیضان مدینہ پہنچنے پر نگراں مجلس رابطہ یوسف سلیم، رابطہ کمیٹی کے ممبران یعقوب عطاری، یحییٰ عطاری نے میئر کراچی اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا، بعدازاں ایک بریفنگ میں میئرکراچی وسیم اختر کو بتایا گیا کہ عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ دنیا بھر میں دعو ت اسلامی کا کام انجام دے رہا ہے اور اس ادارے کے تحت کراچی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں شہریوں کو خدمات فراہم کی جاتی ہیں، عیدالاضحی کے انتظامات کے لئے فیضان مدینہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مدد کرے گا ، میئر کراچی نے کہا کہ فیضان مدینہ شہر میں ایک ایسا روحانی مرکز ہے جہاں سے لوگ دینی علوم سیکھتے ہیں اور روحانی فیض حاصل کیا جاتا ہے، عوام الناس میں مثبت اور تعمیری پیغام پہنچانے کے لئے یہ ایک مضبوط اور موثر پلیٹ فارم ثابت ہوسکتا ہے لہٰذا شہر میں صفائی ستھرائی کے لئے ’’صفائی نصف ایمان ہے‘‘ مہم چلائیں اور کراچی کے حقوق اور اختیارات کے لئے بلدیاتی اداروں کا ساتھ دیں انہوں نے کہاکہ کراچی کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے اور شہریوں کو سیوریج اورپانی سمیت متعدد مسائل کا سامنا ہے جنہیں حل کرنے کے لئے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور اداروں کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ ہم سب مل کر شہر میں بہتری لاسکیں،

میئر کراچی نے کہا کہ فیضان مدینہ کے اطراف اسٹریٹ لائٹس کی بحالی ، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر کام ترجیحی بنیادوں پر انجام دیئے جائیں گے جبکہ فیضان مدینہ میں منعقد ہونے والے ہفتہ وار اجتماعات اور دیگر موقعوں کے لئے ایک فائر ٹینڈر اور ایک ایمبولینس مستقل طور پر فیضان مدینہ کے حوالے کی جائے گی تاکہ کسی بھی ایمرجنسی میں فوری مدد حاصل کی جاسکے، میئر کراچی نے کہا کہ آئندہ عیدالاضحی کے لئے مشینری اور افرادی قوت کو مکمل فعال رکھا جائے گا اور کوشش کی جائے گی کہ شہر میں جگہ جگہ جانور منڈیاں نہ لگیں اور صرف مخصوص مقامات پر ہی قربانی کے جانوروں کی فروخت کا انتظام کیا جائے تاکہ شہر میں صفائی ستھرائی یقینی بنائی جاسکے انہوں نے کہا کہ قربانی کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے اور قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لئے طریقہ کار پہلے سے وضع ہے اور اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔