رانا ثناء اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، عمران خان

 
0
304

رانا ثناءاللہ کی گرفتاری سیاسی نہیں قانونی معاملہ ہے، قانون سے کوئی بھی بالا تر نہیں ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد جولائی 02 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، رانا ثناء اللہ کی گرفتاری سیاسی نہیں قانونی معاملہ ہے، قانون سے کوئی بھی بالا تر نہیں ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کل رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے۔ بے نامی جائیدادیں کل رات 12 بجے کے بعد ضبط ہونا شروع ہوجائیں گی۔ وزیراعظم نے سی ڈی اے کی کارکردگی پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی ایسا ادارہ ہے جو زمینیں بیچ کر تنخواہیں ادا کرے؟ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کا نیا ماسٹر پلان ایک مہینے میں تیار کرنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹس پر جنگی بنیادوں پر تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔ایئرپورٹ پر متعین عملے کے رویے میں تبدیلی لائی جائے۔اجلاس میں وزیراعظم نے رانا ثناء اللہ کی گرفتار ی بارے واضح کیا کہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری سیاسی نہیں قانونی معاملہ ہے، قانون سے کوئی بھی بالا تر نہیں ہے۔ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں۔
واضح رہے اے این ایف نے گزشتہ روز رانا ثناء اللہ کو منشیات کے الزام میں فیصل آباد سے لاہور آتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔ رانا ثناء اللہ کو آج منگل کے روز اے این ایف نے مجسٹریٹ احمد وقاص کی عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیش کر دیا۔ اے این ایف کے تفتیشی افسر نے عدالت کو رانا ثناء اللہ سے برآمد ہونے والی منشیات کے بارے میں دلائل دیئے۔ تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ رانا ثناء اللہ سمیت دیگر چھ ملزمان سے 21 کلو منشیات برآمد ہوئی ہے اور اگر عدالت چاہے تو ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج سکتی ہے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد رانا ثناء اللہ سمیت دیگر چھ ملزمان جن میںمحمد اکرم، عمر فاروق، عامر رستم، عثمان احمد اور سبطین حیدر کو 14 روزہ ریمانڈ پر سب جیل لاہور بھیج دیا۔ اس موقع پر رانا ثناء اللہ کے وکیل نے ان کے میڈیکل چیک اپ کی درخواست جمع کروادی۔ رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ خان نے میڈیا سے مختصر گفتگو میں کہا کہ میرے خلاف منشیات کا مقدمہ ظلم ہے اور ظلم زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتا ۔ کمرہ عدالت میں صحافی نے سوال کیا کیا یہ سیاسی انتقام ہے جس پر رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ یہ ظلم ہے اور ظلم کی حکومت زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی۔ اس کو شرم آنی چاہیے جو یہ کہتا ہے کہ یہ مدینہ کی ریاست ہے۔