سابق ادوار میں غلط پالیسیاں بنا کر معیشت کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا گیا، مصنوعی اعداد وشمار کے ذریعے حقائق چھپائے گئے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملاقات میں گفتگو

 
0
428

لاہور جولائی 04 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔وزیر اعلیٰ فرداً فرداً ہر شخص کی نشست پر گئے، ہاتھ ملایا اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ لوگوں نے مسائل کے حل کیلئے ہدایات جاری کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مسائل کے حل کیلئے آپ کی ذاتی دلچسپی پر شکرگزار ہیں۔
آپ عوامی وزیراعلیٰ ہیں اور آپ نے عوامی مسائل کے حل کے لئے وزیراعلیٰ آفس کو عام آدمی کیلئے کھلا ہے اور آپ ہمہ وقت لوگوں کے مسائل حل کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے عام آدمی کے مسائل کا علم ہے اور لوگوں کے مسائل کو اپنے مسائل سمجھ کر حل کرتا ہوں۔ میرے دروازے کھلے ہیں،عوام سے ہر وقت رابطہ رکھتا ہوں۔
آپ کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے اور آپ کے جائزکام میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں غلط پالیسیاں بنا کر معیشت کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا گیا اور مصنوعی اعداد وشمار کے ذریعے عوام سے حقائق چھپائے گئے۔ خراب صورتحال کی ذمہ دار سابق حکومت ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے عام آدمی کے مسائل سے پہلوتہی کرکے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر کام میرٹ پرہوگا، کرپشن کرنے والوں کیلئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔ کرپٹ عناصر کی وجہ سے وطن عزیز آگے بڑھنے کی بجائے پیچھے گیا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں کرپشن کے خلاف علم بلند کیا ہے اور کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔ پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے کرپشن کے ناسورکو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سچ بولتے ہیں اورسچی لگن سے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ عوام کو دھوکہ نہیں دیں گے اور نہ ہی شو بازیاں کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت معیشت کو صحیح سمت پر لانے کے لئے ملکی مفاد میں ہرفیصلہ کر رہی ہے۔ سابق حکومت کے دور میں پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کریں گے۔ترقیاتی منصوبوں میں عوام کی ضروریات کو اولیت دی جا رہی ہے۔
انہو ں نے کہا کہ حالات دن بدن بہتری کی جانب جا رہے ہیں، اچھا وقت دروازے پر دستک دے رہا ہے۔ پاکستان کے 22 کروڑ عوام ہماری طاقت ہیں۔ اقتدار سنبھالا تو معیشت تباہ حال تھی اورادارے کنگال تھے۔ مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ہم نعروں پرنہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے خدمت خلق کا جو موقع عطا کیا ہے، اسے عبادت سمجھ کر نبھائیں گے۔