سی ڈی اے نے پارک انکلیو۔ون کے باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کے لیے لاگت کے تخمینے سے 32 فی صد کم لاگت پر کنٹریکٹ ایوارڈ کر دی

 
0
276

اسلام آباد جولائی 04 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے پارک انکلیو۔ون کے باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کے لیے لاگت کے تخمینے سے 32 فی صد کم لاگت پر کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا ہے اور رواں ہفتے ہی میں ان ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پچھلے چار سالوں سے مختلف وجوہات کی بناء پر پارک انکلیو کے باقی ماندہ ترقیاتی کام تعطل کا شکار تھے اور پارک انکلیو I- میں اربوں روپے لگانے والے الاٹی اپنے پلاٹوں پر گھر کی تعمیر سے قاصر تھے اور ماضی میں دیگر کئی منصوبوں کی طرح پارک انکلیوI- کے ترقیاتی کاموں کو ترجیح نہیں دی گئی جس کے باعث یہ منصوبہ بھی سی ڈی اے کے دیگر منصوبوں کی طرح تعطل کا شکار تھا تاہم حکومت کی طرف سے دی گئی ہدایات اور سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ کی طرف سے ماضی میں نظر انداز کئے جانے والے تعطل کے شکار سیکٹروں کو ترجیحات میں شامل کر کے ان میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا ہے۔ پارک انکلیوI-کے ترقیاتی کاموں کے آغاز کے لیے تمام مطلوبہ اور ضروری قواعد و ضوابط، تکنیکی اور انتظامی امور اور منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے بعد پچھلے ماہ اس کا باقاعدہ ٹینڈر جاری کیا گیا۔ٹینڈر میں شفافیت اور صحت مندانہ مقابلے کو یقینی بنانے سے پارک انکلیوI- کی انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کے لیے لاگت کے لائے جانے والے تخمینے سے 32فی صد کم پر یہ کام ایوارڈ کر دیا گیا۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے کنٹریکٹر کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی مشینری کو فوری موبلائز کرے تاکہ بغیر تاخیر کے ترقیاتی کاموں کا آغاز ممکن ہو سکے۔

سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ نے واضح کیا ہے کہ پارک انکلیوI- کے باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کو نہ صرف اعلیٰ اور معیاری ہونا چاہیے بلکہ متعلقہ افسران کو ان کاموں کی باقاعدہ اور موثر مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔ اس طرح پارک انکلیوI- کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت ہی میں مکمل ہونے کو یقینی بنائیں تاکہ اس سکیم کے الاٹی اپنے پلاٹوں پر گھروں کی تعمیر کر سکیں۔