سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ (آئی سی ٹی) کی اسلام آباد میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے مہم جاری

 
0
406

اسلام آباد جولائی 04 (ٹی این ایس): سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ (آئی سی ٹی) کی اسلام آباد میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری مہم میں جمعرات کے روز اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف مختلف آپریشن کئے گئے اور متعددغیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور ضلعی انتظامیہ (آئی سی ٹی) نے متعلقہ شعبوں کے ہمراہ مل کر جی ٹی روڈ ترنول کے رائیٹ آف وے پر کی جانے والی تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کو گرا دیا۔ اس ضمن میں آئی سی ٹی اور سی ڈی اے کے ریونیو سٹاف نے باہم مل کر ای ایم ای کالج سے جھنگی سٹاپ جی ٹی روڈ تک نشاندہی کی اور اس نشاندہی کے تناظر میں مختلف تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 28 دکانیں، 06شیڈ، 02 چھپر ہوٹل،ایک سروس اسٹیشن، 03 کمرے،02 کھوکھے،02 انٹری گیٹ اور 06باؤنڈری وال کو مسمار کر دیا۔

اس طرح ایک اور آپریشن میں اسلام آباد کے مرکزF-10 میں 02باتھ روم اور ایک سٹور جو کہ غیر قانونی طور پر تعمیر کئے گئے تھے کو گرا دیا۔ یہ غیر قانونی تعمیرات ایک کمرشل پلازہ کے تیسرے فلور پر کی گئی تھیں۔ اسی طرح سٹریٹ نمبر25،سیکٹر F-10/1میں بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر ایک کمرہ،02 باؤنڈری وال اور ایک گیراج کو ختم کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں کچی آبادی 100 کوارٹرز میں سکریپ ڈیلرز کی تجاوزات کے علاوہ 02 دکانوں کو بھی مسمار کر دیا گیا۔
مزید برآں بری امام کے محلہ گجر میں ایک کمرہ بمعہ باتھ روم اور باؤنڈری وال کو بھی گرا دیا گیا۔