وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار خان آفریدی وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد اے این ایف ہیڈکوارٹر، راولپنڈی کا پہلا دورہ

 
0
572

اسلام آباد جولائی 10 (ٹی این ایس): وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے وزارت انسداد منشیات کا قلمدان سنبھالنے کے بعد اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) ہیڈکوارٹر، راولپنڈی کا پہلا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل محمد عارف ملک ہلال امتیاز (ملٹری) اور اے این ایف کے اعلیٰ افسران نے ہیڈکوارٹرز آمد پر وزیر مملکت کا استقبال کیا۔
ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز بریگیڈیئر شیخ محمد علی حق نے وزیر مملکت کو اے این ایف کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جس میں اے این ایف کی طرف سے منشیات کی سمگلنگ کے خلاف کی جانے والی کاوشیں، موجودہ صورتحال، اے این ایف کی پیشہ وارانہ کامیابیاں، درپیش مسائل اور منشیات، نشہ آور ادویات اور ممنوعہ کیمیائی مواد کی سمگلنگ سے متعلق امور شامل تھے۔
ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز نے بتایا کہ سال 2019ء کے دوران اے این ایف نے سابقہ کارکردگی کے ریکارڈ پر سبقت حاصل کی ہے، اس دوران722 مقدمات درج کئے گئے، منشیات کی سمگلنگ میں ملوث 829 ملزمان کو گرفتار کیا، 5361 کلوگرام افیون، 1535 کلو گرام مارفین، 1119 کلوگرام ہیروئن،36995 کلو گرام چرس اور 2.057 کلو گرام کوکین برآمد کی جبکہ 12025 کلو گرام ممنوعہ کیمیائی مواد اور 202 کلو گرام مصنوعی طریقے سے تیار کر دہ منشیات قبضے میں لیں، اور منشیات کی سمگلنگ میں ملوث 5 گروہوں کے نیٹ ورک کو توڑا گیا۔
وزیر مملکت کو بتایا گیا کہ اے این ایف منشیات کی طلب کے خاتمہ کیلئے ملک بھر میں آگاہی مہم چلانے کیلئے مصروف عمل ہے۔ علاوہ ازیں ، اپنی زیر سرپرستی چلنے والے علاج و بحالی کے مراکز میں منشیات کے عادی 18168 افراد کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی گئی۔ ڈی جی اے این ایف نے وزیر مملکت کو بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین 2600 کلومیٹر دشوار گزار سرحد کی وجہ سے ملک منشیات کی سمگلنگ اوراس کے استعمال کا شکار ہے تاہم پاکستان نے درپیش مسائل اور محدودوسائل کے باوجود منشیات کی رسد اور طلب کے خاتمہ کیلئے مؤثر نظام ترتیب دیا ہے اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں۔
وزیر مملکت کو محکمہ کی پیشہ وارانہ ضروریات کے بارے میں بتایا گیا جس میں افرادی قوت میں اضافہ، تنظیمی ڈھانچے میں بہتری، قانون سازی اور منشیات کے عادی افراد کے علاج و بحالی کے مراکز کا قیام شامل ہے۔ انہوں نے اے این ایف کی پیشہ وارانہ کامیابیوں اور قومی و علاقائی و عالمی سطح پر منشیات کی روک تھام کیلئے اے این ایف کی جانب سے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔
وفاقی وزیر نے منشیات کے خلاف مؤثر طریقے سے نمٹنے کیلئے محکمے کی پیشہ وارانہ ضروریات پوری کرنے کیلئے ڈی جی اے این ایف میجر جنرل محمد عارف ملک کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر مملکت نے اے این ایف کے ملازمین کی تنخواہیں و دیگر مراعات اور شہداء کے پیکیج کو پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے برابر لانے کا یقین دہانی کرائی۔